30 لاکھ ٹن گندم درآمد،غیر ملکی فنڈز لینے والی این جی اوز کیلئے نئی پالیسی
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پاسکو کے ذخائر سے پیداواری سال خیبر پختونخوا کو 5 لاکھ میٹرک ٹن گندم فراہم کرنے کی منظوری دے دی۔ گندم کے سٹرٹیجک ذخائر برقرار رکھنے کے لئے 30لاکھ میٹرک ٹن گندم کی درآمد کی منظوری دے دی گئی۔ اجلاس میں نیویارک میں روز ویلٹ ہوٹل کے واجبات کی ادائیگی کی مد میں پی آئی اے آئی ایل کے لئے 17.3 ملین ڈالر کی منظوری دینے کے علاوہ کئی تکنیکی ضمنی گرانٹس کی منظوری بھی دی گئی۔ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیرصدارت ہوا۔ پاسکو کے ذخائر سے خیبر پختونخوا کو 5 لاکھ میٹرک ٹن گندم معمول کے قواعد و ضوابط کے مطابق فراہم کی جائے گی۔ اجلاس میں غیرملکی فنڈ حاصل کرنے والی این جی اوز/ این پی اوز کے لئے نئی پالیسی کی منظوری بھی دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ نئی پالیسی ایسے انداز میں وضع کی گئی ہے جس سے حکومت اور غیر حکومتی شعبوں میں اشتراک کار کو فروغ دیا جاسکے۔ علاوہ ازیں نئی پالیسی کے مطابق منظوری کا عمل اب 60 یوم کے اندر مکمل ہوگا۔ اس عمل میں درخواست دائر کرنے و مشاورت کے عمل کو آن لائن کردیا گیا ہے جس سے پالیسی میں باوثوق اور اچھی ساکھ کے اداروں کے لئے جگہ مہیا کی گئی ہے۔ مشکوک سرگرمیوں والی این جی اوز و تنظیموں کا موثر طریقے سے مقابلہ کیا جا سکے گا۔ ای سی سی نے وزارت توانائی کی جانب سے ڈبلیو او پی اور ایم ایف ایم پائپ لائن کے ذریعے ان لینڈ آئی ایف ای ایم کی وساطت سے گیسولین، ٹرانسپورٹیشن کے زیادہ سے زیادہ 0.5 فیصد کی شرح سے آپریشنل نقصانات کی درخواست کی اجازت دے دی۔ پاک افغان بارڈر پر سکیورٹی بڑھانے کے لئے وزارت داخلہ کے لئے 570 ملین روپے، وزارت میری ٹائم افیئرز کے لئے 56.341 ملین روپے، کراچی کوسٹل پاور پراجیکٹ یونٹ ون ٹو کے لئے 49 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹس کی منظوری دی گئی۔