اسلام آباد: نو مولود بچی بازیاب نہ ہونے پر ایس پی طلب
اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق کی عدالت نے 29 روز کی نومولود بچی کی بازیابی کے لیے دائر درخواست پر ایس پی صدر کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔ گذشتہ روز یوسماں تصور کی درخواست پر سماعت کے دوران عدالتی حکم کے باوجود ایس ایچ او نومولود بچی کو عدالت کے سامنے پیش کرنے میں ناکام رہا۔ جس پر عدالت نے بچی کوبازیاب کرا کر آئندہ سماعت پر عدالت پیش کرنے کی ہدایت کردی۔ درخواست گزار وکیل سید عمار حسین شاہ نے کہاکہ بچی کی بازیابی کا حکم عدالت نے دیا لیکن اس پر عمل نہیں ہوا۔ دوران سماعت ایس ایچ او تھانہ رمنا نے عدالت کو بتایاکہ بچی برآمد نہیں ہو سکی۔ جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اگر نہیں ہوئی تو پھر ایس پی صدر کو بلا لیتے ہیں۔ درخواست گزار خاتون نے الزام لگایا کہ بچی چھین لینے کے بعد موبائل بھی چھین لئے گئے۔ میرے خاوند طلحہ بھٹہ نے مجھے گھر سے نکال دیا۔ عدالت نے سماعت18 جون تک کیلئے ملتوی کردی۔