تلاشی مہم کی آڑ میں نوجوان شہید، حریت کانفرنس کا قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ
سری نگر(کے پی آئی) بھارتی فوج نے سرینگر کے مضافاتی علاقہ نوگام واگورہ میں ایک کشمیری نوجوان کو گولی مار کر شہید کر دیا ہے ۔ بھارتی فوج نے بدھ کے روز نوگام واگورہ میں محاصرے اور تلاشی مہم کے دوران عزیر اشرف ڈار نامی نوجوان کو گولی مار کر شہید کر دیا ۔کے پی آئی کے مطابق اس سے قبل بھارتی فورسز نے واگورہ نوگام علاقے کو گذشتہ شب محاصرے میں لیکر تلاشی آپریشن شروع کیا تھا۔پولیس حکام نے دعوی کیا ہے کہ عزیر اشرف ڈار فورسز سے مقابلے میں مارا گیا ۔ بھارتی فوج نے پورے علاقے کو محاصرے میں لے رکھا ہے ۔جموںوکشمیر میںاسلامک پولیٹکل پارٹی کے چیئرمین محمد یوسف نقاش نے کہا ہے کہ یہ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیریوں کے ساتھ کئے گئے اپنے وعدے پورے کرے۔ کے پی آئی کے مطابق سری نگر میں بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ 5اگست 2019 کو بھارت کی طرف سے کشمیریوںکی مرضی کے برعکس کئے گئے یکطرفہ اور ظالمانہ اقدامات سے علاقے کی صورتحال مزید سنگین اورخطرناک ہوگئی ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ اقدمات نہ صرف عالمی سطح پر تسلیم شدہ کشمیریوں کے حق خودارادیت اور انسانی حقوق بلکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادں کی بھی خلاف ورزی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر کا پائیدار اور باوقار حل سلامتی کونسل کی قرارداوں پرعملدرآمد میں مضمر ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس نے عالمی ریڈ کراس کمیٹی پر زور دیا کہ وہ کشمیری قیدیوں کی حالت زار معلوم کرنے کیلئے بھارت اور مقبوضہ کشمیر کے جیلوں کا دورہ کریں۔مسرت عالم بٹ ، محمد یاسین ملک ، شبیر احمد شاہ ،ایازمحمد اکبر ، پیر سیف اللہ ، راجہ معراج الدین کلول ، شاہد الاسلام ، آسیہ اندرابی ، ڈاکٹر حمید فیاض ، امیر حمزہ ، محمد یوسف میر ، فاروق احمد ڈار ، نعیم احمد خان ،محمد یوسف فلاحی ، مظفر احمد ڈار،شاہد یوسف شاہ ، شکیل یوسف شاہ ، فہمیدہ صوفی ، ناہیدہ نسرین اورکشمیری تاجر ظہور احمد وٹالی کی فوری رہائی میں مدد دی جائے ۔ کے پی آئی کے مطابق حریت کانفرنس نے مختلف جیلوں میںبند حریت رہنمائوں اور کارکنوںکی حالت زار پر شدید تشویش ظاہر کی ہے۔