• news

لاہور نارووال روڈ کیلئے کم فنڈز رکھنے پر ہائیکورٹ برہم‘ رپورٹ طلب 

لاہور (اپنے نامہ نگار سے)  لاہور ہائیکورٹ نے لاہور نارووال روڈ کی عدم تعمیر کیخلاف درخواست پر مزید کارروائی 25 جون تک ملتوی کر دی۔ عدالت نے حکومت سے رپورٹ طلب کر لی آیا اگلے بجٹ تک سڑک کی تعمیر مکمل ہو جائے گی۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس محمد قاسم خان نے درخواست پر سماعت کی۔ سرکاری وکیل نے  بتایا کہ سڑک کی تعمیر کا پراجیکٹ 3 سال میں مکمل ہو جائے گا۔ اس سڑک کی تعمیر کے لیے 9 ارب 50 کروڑ مختص کر دیئے ہیں۔ فاضل عدالت نے قرار دیا کہ بابا گورونانک کی 5سو سالہ تقریبات میں ملین لوگ آئیں گے۔ عدالتی معاون صفدر شاہین ایڈووکیٹ نے بتایا کہ ا س سڑک کی تعمیر کرتارپور تک نہیں کی جا رہی اس کے لیے کوئی ڈویلپمنٹ فنڈ نہیں رکھے گئے۔ فاضل عدالت نے کہا کہ اس سڑک کی تعمیر کے بعد ننکانہ صاحب تک سکھوں کی رسائی آسان ہو جائے گی۔ چیف جسٹس قاسم خان نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے قرار دیا تھا کہ نارووال روڈ کی تعمیر کے لیے ساڑھے نو ارب مختص کرنے کی یقین دہانی کرائی مگر صرف 5 کروڑ رکھا گیا۔ عدالت کے روبرو وفاقی حکومت نے چاروں صوبوں کا بجٹ اور ترقیاتی فنڈز کی بابت رپورٹ پیش کر دی۔

ای پیپر-دی نیشن