• news

بھارت اپنے ایٹمی مواد کی سکیورٹی بہتر بنائے‘ ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد (خبرنگار) ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت میں یورینیم چوری بھارتی باشندوں کی طرف سے کیا گیا اور بھارتی پولیس نے پکڑا۔ بھارت اس معاملہ میں پاکستان کو کیسے بدنام کر سکتا ہے۔ بھارت اپنے ایٹمی مواد کی سکیورٹی بہتر بنائے۔ صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے علاقائی و آبادی کے تناسب میں تبدیلی کی کوششوں پر تحفظات ہیں۔ وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل اور سلامتی کونسل کو خطوط لکھ کر مقبوضہ کشمیر کی صورت حال سے آگاہ کیا ہے۔ ہم بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک سے بہتر تعلقات چاہتے ہیں مگر بھارت کے ساتھ تعلقات پر ہماری پوزیشن واضح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم یقین رکھتے ہیں کہ جی سیون جیسے منصوبے ترقی و تعاون کے فروغ کے لئے ہوں گے۔ زاہد حفیظ نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف کے ایکشن پلان پر پاکستان نے کامیابی سے عمل کیا ہے اور ان اقدامات کو عالمی سطح پر بھی تسلیم کیا گیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ سعودی ولی عہد کے دورے کی حتمی تاریخ طے نہیں ہوئی۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اعلیٰ سطح پر رابطے موجود ہیں۔ فی الحال سعودی عرب کی طرف سے کوئی چینی ویکسین فہرست میں شامل نہیں کی گئی۔ متحدہ عرب امارات نے کووڈ کے باعث پاکستان سمیت مختلف ممالک پر سفری پابندیاں عائد کی تھیں۔ ہم نے اماراتی حکام کو پاکستان میں کرونا اعدادوشمار بھجوا کر ویزا پر نظرثانی کی درخواست کی ہے۔ زاہد حفیظ نے کہا کہ افغانستان میں امن کیلئے تشدد میں کمی ضروری ہے۔ افغانستان کا کوئی فوجی حل نہیں، پاکستان افغانستان میں امن و استحکام کیلئے کوششیں جاری رکھے گا۔ 

ای پیپر-دی نیشن