• news

گلگت بلتستان میں تجارت کے فروغ کیلئے اوورسیز پاکستانیوں کو راغب کرینگے: وسیم اختر 

لاہور(سٹی رپورٹر)وائس چیئر پرسن اوورسیز پاکستانیز کمیشن (او پی سی)پنجاب چوہدری وسیم اختر سے وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان خالد خورشید اور چیف سیکرٹری گلگت  بلتستان کیپٹن (ر) محمد آصف نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اہم فیصلے ہوئے۔ ملاقات میں یہ طے ہوا کہ اوورسیز پاکستانیز کمیشن کے طرز پر گلگت  بلتستان میں بھی اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کو حل کرنے کیلئے ایک کمیشن بنایا جائے گا جس کیلئے تمام معاونت او پی سی پنجاب فراہم کرے گا۔ وائس چیئرپرسن اوورسیز پاکستانیز کمیشن چوہدری وسیم اختر نے کہا ہے کہ وہ گلگت  بلتستان میں تجارت کے فروغ کے حوالے سے اوورسیز پاکستانیوں کو راغب کریں گے۔وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان خالد خورشید اور چیف سیکرٹری گلگت  بلتستان کیپٹن (ر) محمد آصف نے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے جلد حل کے حوالے سے او پی سی کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ باقی صوبوں میں بھی اس طرز کے اداروں کی ضرورت ہے۔

ای پیپر-دی نیشن