پاکستان سپر لیگ لاہور، ملتان آج مد مقابل، شاہین نے سرفراز سے معافی مانگ لی
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان سپر لیگ سکس میں آج ایک جبکہ کل دو میچ کھیلے جائیں گے ۔ آج کا واحد میچ ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جائیگا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات9بجے شروع ہوگا ۔کل پہلا میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور کراچی کنگز کے درمیان شام 6بجے جبکہ دوسرا ملتان سلطانزاور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان رات گیارہ بجے شروع ہوگا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہور قلندرز کے میچ کے دوران سرفراز احمد سے گرما گرمی کے معاملے پر شاہین آفریدی نے ٹویٹر پر پیغام شیئر کرتے ہوئے سرفراز احمد سے معذرت کرلی۔شاہین آفریدی نے لکھا کہ ’سیفی بھائی ہم سب کا فخر ہیں، میچ میں جو کچھ بھی ہوا وہ ہیٹ آف دی موومنٹ تھا۔ سرفراز احمد کی عزت کیلئے مجھے خاموش رہنا چاہیے تھا۔میں نے ہمیشہ اپنے سینئرز کا احترام کیا ہے ان کیلئے دعا کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔یاد رہے گذشتہ دنوں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پہلی اننگز میں کپتان سرفراز احمد اور شاہین آفریدی آپس میں الجھ پڑے تھے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر آنے کے بعد شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد نے اپنی رائے کا اظہار کیا تھا، کچھ صارفین سرفراز احمد کی حمایت میں سامن آئے تو کچھ نے شاہین آفریدی کی حمایت کی تھی۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے شاہین آفریدی کے ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔انہوں نے ٹویٹر پر لکھا کہ میدان میں جو کچھ ہوا وہ میدان میں ہی رہنا چاہیے۔آپ پاکستان کے سٹار اور میرے چھوٹے بھائی کی طرح ہو، اللہ تمہیں مزید کامیابیاں عطا ء فرمائے۔