کینیڈا میں پہلی بار مسلمان وکیل محمود جمال سپریم کورٹ کے جج مقرر
اوٹاوا(اے پی پی)کینیڈا کے وزیراعظم نے مسلمان وکیل اور جج محمود جمال کو سپریم کورٹ آف کینیڈا کا پہلا مسلمان جج نامزد کر دیا ہے۔ محمود جمال جسٹس روزیلی ابیلا کے ریٹائر ہونے کے بعد یکم جولائی کو اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق محمود جمال 2019 میں اونٹاریو اپیل کورٹ میں جج بنے تھے۔محمود جمال بھارت سے کینیا کے دارالحکومت نیروبی میں آئے اسماعیلی خاندان کے گھر1967 میں پیدا ہوئے جس کے بعد ان کی فیملی برطانیہ منتقل ہو گئی اور 1981 میں کینیڈا منتقل ہونے کے بعد گریجویشن کی تعلیم کینیڈا کے روز شیپرڈ ہائی سکول سے حاصل کی جبکہ انہوں نے قانون کی اعلی تعلیم کینیڈا میں ہی مکمل کی اور قانون کو اپنا پیشہ بنایا ۔ کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ وہ سپریم کورٹ کا قیمتی اثاثہ ہوں گے اور یہی وجہ ہے کہ میں نے انہیں کینیڈا کی سپریم کورٹ کا جج نامزد کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محمود جمال کوہائوس آف کامنز کی انصاف کمیٹی کی جانچ کا سامنا ہو گا لیکن یہ صرف ایک رسمی ضرورت ہے۔