• news

کرونا 39اموات افغان سرحد بند پنجاب میں شرح 0.5فیصد

اسلام آباد  (نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ + صباح نیوز) کرونا وائرس سے ملک بھر میں مزید 39 افراد جاں بحق ہو گئے۔ مجموعی اموات21913ہو گئیں۔ مزید1043نئے کیسز رپورٹ، این سی او سی کے مطابق مثبت کیسز کی تعداد 9لاکھ46 ہزار227ہوگئی، ملک بھر میں وبا سے متاثرہ نئے کیسز کی شرح1.90 فیصد تک آگئی۔ 2 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ وفاق سے کرونا ویکسین کی عدم فراہمی کے باعث کراچی کے بیشتر ویکسی نیشن سینٹرز بند کردئیے گئے۔دنیا میں مصدقہ کیسز 17کروڑ73لاکھ 72ہزار117ہو گئی۔  نارنگ منڈی میں کرونا کی ویکسین نہ آنے پر روزانہ بڑی تعدادی میں لوگ مایوس لوٹ رہے ہیں شہریوں نے شدید احتجاج کرتے کہا کہ پہلی ڈوز کے علاوہ دوسری  ڈوز بھی نہیں مل رہی جبکہ رورل ہیلتھ سینٹر کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر میں کرونا ویکسین کا بحران پیدا ہو چکا ہے۔ جب آئیگی تب لگے گی  شہریوں کا کہنا ہے اس سے پہلی  ڈوز کا اثر ختم ہو جائیگا۔  پنجاب میں کرونا کیسز کی شرح 6.5  فیصد تک آ گئی۔  محکمہ صحت کے مطابق لاہور میں  کرونا کیسز کی شرح صفر اعشاریہ تین فیصد ریکارڈ کی گئی۔ لاہور میں 24  گھنٹوں میں کرونا سے جاں بحق ہونے والے مریضوں کی تعداد 9 ہے۔ڈپٹی کمشنر چمن طارق مینگل کے مطابق این سی او سی کے فیصلے کے تحت  چمن میں باب دوستی کو آج سے دو طرفہ پیدل آمدورفت کے لیے بند کردیا ہے تاہم افغانستان میں موجود پاکستانی کرونا ایس اوپیزکے تحت واپس آسکتے ہیں جب کہ پاکستان میں موجود افغان باشندے بھی واپس افغانستان جاسکتے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ باب دوستی سے دوطرفہ پیدل آمدورفت نئے احکامات تک معطل رہیگی جب کہ پاک افغان دوطرفہ ٹریڈبحال رہے گی۔  باب دوستی کی اچانک بندش سے بڑی تعداد میں پاکستانی اور افغان شہری سرحدکے دونوں جانب پھنس گئے ہیں۔چین سے رواں ماہ کرونا ویکیسن کی 80 لاکھ خوراکیں پاکستان پہنچ جائیں گی، چین سے 20 سے 22 جون کے دوران کرونا ویکسین کی کھیپ پاکستان پہنچ جائے گی، چین سے رواں ماہ 50 لاکھ تیار ویکسین پاکستان پہنچے گی جبکہ 21سے 22جون کے درمیان کین سائنو ویکسین کی 30 لاکھ خوراکوں کا خام مال بھی پاکستان پہنچے گا، کرونا وباء کی شدت میں کمی کے باعث کئے گئے فیصلے کے پیش نظر آج ہفتہ کے روز مارکیٹس اور بازار کھلے رہیں  گے اور بازاروں و مارکیٹوں میں تجارتی سرگرمیوں کی اجازت ہو گی۔

ای پیپر-دی نیشن