ننکانہ‘ قلعہ دیدار سنگھ میں 2 بچیاں مبینہ زیادتی کے بعد قتل
قصور‘ ننکانہ صاحب، بچیکی، قلعہ دیدارسنگھ‘ گجرات، حافظ آباد، پیر محل (نامہ نگاران + نمائندگان ) ننکانہ صاحب میں دو روز قبل اغوا ہونے والی سات سالہ بچی مبینہ زیادتی کے بعد قتل، نعش کھیتوں سے مل گئی۔ تفصیلات کے مطابق دو روز قبل تھانہ بڑا گھر کے گائوں چک نمبر3/53 کے رہائشی عبدالغفور کی7سالہ بیٹی غلام فاطمہ کھیتوں میں بکریاں چراتے ہوئے اغوا ہوئی تھی۔ عبدالغفور، لیاقت علی، فقیر حسین ، احمد رحمانی ساکنان تھانہ سرائے مغل ضلع قصور اور تین نامعلوم افراد کے خلاف اغوا کا مقدمہ درج کیا گیا تھا کیونکہ عبدالغفور کا قریبی عزیزوں لیاقت علی وغیرہ کے ساتھ زرعی اراضی کا تنازعہ اور مقدمہ بازی چل رہی تھی۔ گزشتہ روز کھیتوں سے بچی کی نعش مل گئی۔ اہل خانہ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ملزمان نے زیادتی کے بعد بچی کو قتل کیا ہے۔ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے اس المناک واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب پولیس سے رپورٹ طلب کر لی اور متاثرہ خاندان کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے گا۔ پیر محل سے نامہ نگار کے مطابق تھانہ چٹایانہ کے گاؤں 401 گ ب میں اوباش مظہر نے اپنے ہی گاؤں کی 40 سالہ ذہنی طور پر معذور خاتون کو جان سے مار دینے کی دھمکی دیتے ہوئے زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ گجرات سے نامہ نگار کے مطابق جڑانوالہ کا رہائشی 2 ماہ سے فیملی کے ہمراہ موضع امرہ کلاں میں چودھری ارشد کے ڈیرہ پر بطور ملازم رہ رہا تھا کہ گزشتہ روز اس کی بیوی اکیلی تھی، جس کا فائدہ اٹھا کر گاؤں کے رہائشی قدیر احمد نے خاتون کے ساتھ زبردستی زیادتی کر ڈالی۔ تھانہ ڈنگہ نے مقدمہ درج کر لیا۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق دس سالہ بچہ اور ساتھ کھیل رہے تھے کہ ملزم نعمان علی دونوں بچوں کو ڈور دینے کے بہانے گھر کی چھت پر لے گیا جہاں ملزم نے بچوں کے ساتھ زیادتی کی۔ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔ قلعہ دیدار سنگھ سے نامہ نگار کے مطابق سکول جانیوالی11سالہ طالبہ کی نعش کھیتوں سے برآمد ہوئی ہے۔ تھانہ قلعہ دیدار سنگھ کے محلہ محمد پورہ کے رہائشی ضیاء اللہ کی 11سالہ بیٹی آمنہ گھر سے سکول گئی لیکن واپس نہ پہنچ سکی۔ ضیاء اللہ نے گمشدگی کی اطلاع پولیس کو دی۔ آمنہ ضیا کی نعش شام کے قریب ڈیرہ سنت سنگھ کے کھیتوں سے ملی جس کے بعد ایس پی سٹی بھاری نفری سمیت موقع پر پہنچ گئے۔ اندیشہ ہے آمنہ کو زیادتی کے بعد قتل کیا گیا۔ قصور سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق نواحی گاؤں ہری ہرکی رہائشی شہناز بی بی زوجہ حمید نے پولیس تھانہ صدر قصور کو درخواست دی ہے کہ میں گھر میں اکیلی تھی کہ گاؤں کا رہائشی اسلم مجھے زیادتی کا نشانہ بناکر فرار ہو گیا۔