منفی سیاست کا مقابلہ عوامی خدمت سے عثمان بزدار گورنر سے ملاقات فردوس عاشق بھی ملیں
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ بے مقصد اور بے سمت تقریروں سے قوم کی خدمت نہیں ہوتی۔ پارلیمنٹ میں رام کہانی سناکر قوم کا قیمتی وقت ضائع کیا گیا۔ قوم کو کچھ پتہ نہیں چلا کہ یہ بجٹ پر بحث کا آغاز تھا یا خود نمائی کی جھوٹی داستان۔ نام نہاد لیڈرآج بھی وہی بھاشن دے رہے ہیں جو وہ پہلے دیتے آئے۔ بہترین اور عوام دوست بجٹ پر ان کی مایوسی اور بے بسی سب کے سامنے عیاں تھی۔ عوام کی خدمت کیلئے تقریریں یا بھاشن نہیں بلکہ عوام کے ساتھ کھڑا ہونا پڑتا ہے۔ خلوص نیت سے عوا م کی خدمت کر رہے ہیں اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ذاتی انا اور ضد کی سیاست نے اپوزیشن ٹولے کی منفی سیاست کو بکھیر کررکھ دیا ہے۔ اپوزیشن والے ہر روز بیانات بدلنے کا ورلڈ ریکارڈ قائم کرتے ہیں۔علاوہ ازیں عثمان بزدار نے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور نئے مالی سال کے بجٹ میں فلاح عامہ کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں کرونا کی صورتحال اور ویکسی نیشن کے عمل کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔ چودھری محمد سرور نے بہترین بجٹ پیش کرنے پر وزیراعلیٰ کو مبارکباد دی۔وزیراعلیٰ نے آب پاک اتھارٹی کے تحت عوام کو صاف پانی کی فراہمی کیلئے گورنر کاوشوں کو سراہا۔ وزیراعلیٰ اور گورنر نے کروناکے مثبت کیسوں میں کمی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ کرونا ویکسین کی کمی دور کرنے کیلئے ہر ضروری اقدام کرنے پر اتفاق کیا گیا اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ مل کر صوبے کے عوام کی خدمت جاری رکھیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن کی سازشی سیاست دم توڑ چکی ہے۔ منفی سیاست کا مقابلہ عوامی خدمت کیا ہے اور کرتے رہیں گے۔ عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات میں خلل برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انتشار اور مایوسی پھیلانے والے عناصر کبھی کامیاب نہیں ہو ں گے۔ چودھری سرور نے کہا کہ بجٹ میں ہر طبقے کو ریلیف دیا گیا۔ عثمان بزدار سے سیالکوٹ کی معروف سیاسی شخصت و سابق ایم پی اے طاہر محمود ہندلی نے ملاقات کی۔ طاہر محمود ہندلی نے وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزداری کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور حلقہ پی پی 38 سیالکوٹ کے ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف کے امیدوار کے حق میں دستبردار ہونے کا اعلان کیا۔ عثمان بزدار سے معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ملاقات کی۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے عوام دوست بجٹ پیش کرنے پر وزیراعلیٰ کو مبارکبادی۔ عثمان بزدار نے کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ میں صوبے کے عوام کیلئے سہولتیں پیدا کی گئی ہیں۔ اپوزیشن چاہے بھی تو اس بہترین بجٹ پر تنقید نہیں کر سکتی۔ پنجاب کا بجٹ بآسانی منظور ہوگا۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے عوامی منصوبوں میں ریکارڈ لوٹ مار کی۔ عثمان بزدار نے انصاف یوتھ ونگ پنجاب کے صدر گلریز اقبال گجر پر قاتلانہ حملے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپوری طلب کر لی ہے۔