حکومت انتخابات متنازعہ چیف الیکشن کمشنر سب سے مشاورت کریں شہباز شریف
اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) شہباز شریف نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو خط لکھ کر کہا ہے کہ 2018ء کے انتخابات میں دھاندلی کی شکایات ہیں، انتخابی اصلاحات پر اتفاق رائے پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ آئندہ عام انتخابات کے آزادانہ، غیرجانبدارانہ، شفاف اور کسی مداخلت کے بغیر انعقاد کے لئے یہ اصلاحات ضروری ہیں۔ حکومت اپنا انتخابی اصلاحاتی ایجنڈا یک طرفہ اقدامات سے مسلط کرکے آئندہ انتخابات کو متنازعہ بنا رہی ہے۔ حکومت کی انتخابی اصلاحات آئین سے متصادم ہیں، متعلقہ فریقین سے کوئی مشاورت نہیں کی‘ الیکشن کمشن نے حالیہ الیکشن بلز پر بذات خود بھی سنگین تشویش کا اظہار کیا ہے۔ قومی اسمبلی میں ان الیکشن بلز کو قواعد بلڈوز کرکے منظور کرایا گیا۔ بامعنی انتخابی اصلاحات میں اداروں کو اپنی رائے دینے کے علاوہ ذمہ داری لینا ہوگی تاکہ آزادانہ، شفاف انتخابات یقینی ہوں۔ الیکشن کمشن کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ انتخابی اصلاحات پر تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کرے۔ میں آپ پر زور دیتا ہوں کہ تمام اپوزیشن جماعتوں کو مشاورت کے لئے بلائیں تاکہ اتفاق رائے پر مبنی پلان بن سکے۔ اس متفقہ پلان کو پارلیمنٹ میں منظوری کے لئے پیش کیا جا سکتا ہے تاکہ مستقبل میں آزادانہ، غیرجانبدارانہ اور شفاف انتخابات ہو سکیں جو عوام کی حقیقی رائے کے مظہر ہوں۔