صہیونیوں کے توہین آمیز کلمات پر ہزاروں فلسطینی سراپا احتجاج لاٹھی چارج شیلنگ 47زخمی
غزہ (نوائے وقت رپورٹ) بیت المقدس میں یہودیوں کے توہین آمیز کلمات پر فلسطینی سراپا احتجاج بن گئے۔ نماز جمعہ کے بعد ہزاروں فلسطینیوں نے مسجد الاقصیٰ کے باہر احتجاج کیا۔ صیہونی فورسز نے لاٹھی چارج کیا اور آنسو گیس کے گولے برسائے۔ ربڑ کی گولیاں لگنے سے خواتین سمیت 47 مظاہرین زخمی ہوگئے۔ بیت المقدس میں شدت پسند یہودیوں نے اسرائیلی سرپرستی میں ریلی نکالی، جس میں اسلام کے خلاف توہین آمیز جملے کسنے پر فلسطینی سراپا احتجاج بن گئے۔ نماز جمعہ کے بعد ہزاروں فلسطینی مسجد الاقصیٰ کے باہر جمع ہوگئے۔ صیہونی فورسز نے مارچ شروع ہونے سے پہلے ہی مسجد الاقصیٰ پر دھاوا بول دیا۔ مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے طاقت کا بے دریغ استعمال کیا۔ لاٹھی چارج اور شیلنگ سے خواتین اور بچوں سمیت درجنوں فلسطینی زخمی ہوگئے۔ ریڈ کریسنٹ کے مطابق زیادہ تر زخمیوں کو ربڑ کی گولیاں لگیں۔ مڈل ایسٹ آئی نامی صحافتی ادارے کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں ان کی دو خواتین صحافی بھی شامل ہیں۔ صحافی لطیفہ عبد الطیف کے گھٹنے پر ربڑ کی گولی لگی جبکہ ایک اور خاتون صحافی سندس ایویس بھی زخمی ہیں۔ دوسری جانب اسرائیلی طیاروں نے ایک بار پھر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غزہ کی پٹی پر بمباری کی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔