گرانہ ڈاٹ کام اور یو بی ایل کے مابین ہوم فنانسنگ میں خدمات کیلئے معاہدہ
کراچی( پ ر) گرانہ ڈاٹ کام اور یونائٹڈ بنک نے گھروں کی تعمیر کے حوالے سے آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی کے حوالے سے شراکتی خدمات کے لیے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کردیئے جس کے تحت گرانہ ڈاٹ کام کے صارفین یو بی ایل ہوم فنانسنگ کی سہولت سے مستفید ہوسکیں گے۔اس حوالے سے یو بی ایل ٹاور کراچی میں ایک پْروقار تقریب ہوئی ۔گرانہ ڈاٹ کام کے سی ای او شفیق اکبر اور یو بی ایل کے گروپ ایگزیکٹو (برانچ بنکنگ) ضیاء احمد نے معاہدے پر دستخط کیے۔تقریب میں گروپ ڈائریکٹر گرانہ فرحان جاوید، ڈائریکٹر ایجنسی 21 انٹرنیشنل شرجیل اے احمر، ڈائریکٹر پراپشور تیمور الحق عباسی، ریجنل سیلز مینیجر ساؤتھ اسامہ خان، ہیڈ آف کنزیومر بینکنگ محمد انس، ہیڈ کنزیومر لون محمد وقاص رانا اور دیگر افسران نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سی ای او گرانہ ڈاٹ کام شفیق اکبر کا کہنا تھا کہ گھر کی تعمیر یا خریداری ہر شہری کی بنیادی ضروریات میں شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یو بی ایل کے ساتھ اس معاہدے کی مدد سے گھروں کی تعمیر کے لیے گرانہ ڈاٹ کام کے صارفین کو آسان شرائط پر قرض کے حصول میں مدد ملے گی۔