نواز شریف پیسے دیں‘ جہاں مرضی جائیں‘ اے پی سی کی تجویز مضحکہ خیز: فواد چودھری
اسلام آباد+سکردو(نمائندہ خصوصی +نوائے وقت رپورٹ) ایک ٹویٹ میں فواد چودھری نے کہا ہے کہ شہبا زشریف کی اے پی سی کی تجویز کو مضحکہ خیز قرار دیدیا۔ فواد چودھری نے کہا اس طرح کی فیصلہ سازی پارلیمان کے اندر کی جاتی ہے۔ اپوزیشن لیڈر پارلیمانی کو کمزور کرنے کے ایجنڈے کا حصہ بن رہے ہیں جو افسوسناک ہے۔ دریں اثناء سکردو میں پریس کانفرنس میں فواد چودھری نے کہا ہے کہ نواز شریف کو جیل میں رکھنا نہیں چاہتے وہ پیسے واپس کریں اور جہاں مرضی چلے جائیں۔ احتساب کے عمل کو ہر صورت منطقی انجام تک پہنچانا ہے۔ گگلت بلتستان کو عبوری آئینی صوبہ بنانے جا رہے ہیں۔ سیاحت کی ترقی کیلئے جتنی فلائٹس چلائی جا رہی ہیں ماضی میں مثال نہیں ملتی۔ فواد حسین نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی ناکامی کے بعد شہباز شریف کو اے پی سی کی نئی کہانی سوجھی ہے۔ پی ڈی ایم میں وعدے کر کے مکرنے اور ضمنی انتخابات میں ایک دوسرے پر اعتراضات اٹھانے والے کس منہ سے اے پی سی میں شریک ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لئے اے پی سی کا چورن بیچنے نکلی ہے جو نہیں بکے گا۔