کوئٹہ میں ایف سی کے قافلے پر دستی بم حملہ‘ راہگیر زخمی
کوئٹہ(نیوز ایجنسیاں)کوئٹہ میں ایف سی کے قافلے پر دستی بم حملہ میں ایک راہ گیر زخمی ہوگیا جبکہ ایف سی اہلکار محفوظ رہے۔ پولیس حکام کے مطابق گزشتہ روز کوئٹہ کے علاقے سبزل روڈ گولی مار چوک کے قریب نامعلوم افراد نے ایف سی 104 ونگ کی پٹرولنگ گاڑی پر دستی بم سے حملہ کیا اور فرار ہوگئے۔ حملے میں تمام ایف سی اہلکار محفوظ رہے تاہم تاج محمد راہ گیر معمولی زخمی ہوا جس کو بی ایم سی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ واقعے کے بعد پولیس اور سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے۔ بم ڈسپوزل سکواڈ کے مطابق حملے میں روسی ساختہ دستی بم استعمال کیا گیا۔ دوسری طرف پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ۔