• news

کرونا37اموات،15لاکھ خوراکیں آگئیں، اگلے ہفتے ویلسی نیشن کا ریکارڈ بنے گا

اسلام آباد+ بیجنگ+ سیالکوٹ (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی+  شنہوا+ آئی این پی+ اے پی پی)  ملک بھر میں کرونا سے مزید37 افراد جاں بحق، ہلاکتوںکی تعداد 21977  تک پہنچ گئی، مزید 1050 افراد وائرس کا شکار ہوئے۔ مثبت کیسز کی شرح 2.55 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد 25507 ہے۔ کراچی، لاہور اور پشاور سمیت ملک بھر میں کرونا ویکسین کی وقتی قلت ہوگئی ہے۔ کراچی سمیت سندھ بھر میں اتوار کو کرونا ویکسی نیشن سنٹر بند رہے۔ حیدرآباد میں بھی 19سنٹر بند کر دیئے گئے۔ پنجاب میں بھی کرونا ویکسی نیشن روک دی گئی ہے۔ لاہورکے ایکسپو سنٹر میں بھی اتوار کو  ویکسی نیشن نہیں ہوئی۔  پشاور سمیت خیبر پی کے کے مختلف شہروں میں بھی ویکسی نیشن رکنے کا خدشہ پیدا ہوگیا اور موبائل ویکسی نیشن سروس وقتی طور پر معطل کر دی گئی۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے کرونا ویکسینیشن کے حوالے سے پاکستانی عوام کو سراہاتے ہوئے کہا ہے کہ اگلے ہفتے ویکسین کا ایک نیا ریکارڈ بنے گا۔ 12 تا 18 جون یومیہ 3 لاکھ 32 ہزار 877 ویکسی نیشنز کی گئیں۔ جو ایک ہفتہ کی سب سے زیادہ ویکسینیشنز ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ 15 لاکھ ویکسین ڈوزز پاکستان پہنچا دی گئیں، اگلے 10 دن میں 50 لاکھ ویکسین بھی پہنچادی جائیں گی۔ آج21 جون پیر سے سندھ بھر کے تمام سرکاری و نجی سکولوں میں پرائمری تا پانچویں جماعت میں عملی طور پر تدریسی عمل کا آغاز ہوگا۔ 50 فیصد حاضری اور ایس او پیز کے ساتھ عملی طور پر کلاسز لے سکیں گے جبکہ تدریسی و غیر تدریسی عملے کو کرونا ویکسی نیشن لازمی کرانا ہوگی۔ کرونا ویکسین کی قلت دور کرنے کیلئے 15 لاکھ 50 ہزار خوراکیں پاکستان پہنچ گئیں۔ پی آئی اے کا خصوصی طیارہ چین سے ویکسین لیکر اسلام آباد پہنچا۔ این سی او سی کے مطابق سائنو ویک ویکسین صوبوں کو فراہم کی جائے گی۔ اگلے ہفتے مزید 20 سے 30 لاکھ خوراکوں کی کھیپ پہنچے گی۔ ویکسین کو وفاقی اکائیوں تک پہنچانے کے تمام اقدامات کئے گئے ہیں۔ پاکستان نے فائزر ویکسین کی مزید ایک کروڑ 30 لاکھ خوراکیں حاصل کرنے کا معاہدہ کر لیا۔ پہلی کھیپ جولائی کے آخر تک آئیں گی۔ ذرائع کے مطابق روسی ویکسین سپوٹنک کی بھی ایک کروڑ خوراکیں پاکستان پہنچیں گی۔ وزارت صحت کے مطابق پاکستان اگست کے شروع میں ایسٹرا زینیکا ویکسین کی بھی ایک کروڑ 20 لاکھ مزید خوراکیں حاصل کرے گا۔ دنیا بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد 17کروڑ89 لاکھ تک پہنچ گئی جبکہ اب تک38 لاکھ 76 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ بھارت میں 58 ہزار سے زائد نئے مریض، تعداد دوکروڑ 98لاکھ 81ہزار سے تجاوز کرگئی، اب تک تین لاکھ 86 ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بنے ہیں۔ مزید1576 افراد ہلاک ہوگئے۔ چین میں ایک ارب سے زائد ویکسینز لگائی جاچکی ہیں۔ قومی صحت کمیشن کی تازہ معلومات کے مطابق حالیہ10کروڑ خوراکوں کے اضافہ میں ملک کو صرف5 روز لگے۔ 21ویکسینز طبی آزمائش میں داخل، 4 ویکسینز کو  مارکیٹنگ کی مشروط منظوری ملی ہے اور 3 کو ملک کے اندر ہنگامی استعمال کی اجازت مل چکی ہے۔ مقامی غیرمتحرک ویکسینز کے 3سے 17سال کی عمر کے لوگوں کیلئے ہنگامی استعمال کی منظوری دی ہے۔ مسقط عمان نے یومیہ کیسوں میں اضافے کے پیش نظر اتوار کو دوبارہ رات8 بجے سے صبح 4بجے تک کرفیو کے نفاذ کا اعلان کیا ہے۔ کرفیو کے دورانیے میں لوگوں اورگاڑیوں کی نقل وحرکت پر پابندی عائد ہوگی اور صرف گھروں میں اشیا مہیا کرنے کی اجازت ہوگی۔ سیالکوٹ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ویکسی نیشن سنٹر تیسرے روز بھی بند رہے، اوورسیز پاکستانیوں سمیت شہری ویکسی نیشن کے لیے سراپا احتجاج رہے، ویکسی نیشن اور عملہ بڑھانے کا مطالبہ کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ نے اس سلسلہ میں باقاعدہ طور پر ویکسی نیشن کی عدم موجودگی کا اعتراف کیا۔ مایوس شہری گھروں کو لوٹ رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن