• news

بے نظیر بھٹو کی سالگرہ آج‘ ماں کا مشن جاری رکھوں گا: بلاول 

لاہور‘ اسلام آباد (نامہ نگار) سابق وزیراعظم محترمہ بے نظیر بھٹو کا 68واں یوم پیدائش آج منایا جائے گا۔ پاکستان پیپلز پارٹی بے نظیر بھٹو شہید کی سالگرہ تقاریب ملک بھر میں تحصیل کی سطح پر منعقد کرے گی۔ سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی سید نیر حسین بخاری  کا کہنا ہے کہ چاروں صوبوں کی زنجیر بے نظیر نعرہ، شہید بے نظیر بھٹو کی قومی خدمات کا اعتراف ہے۔  بے نظیر بھٹو شہید کے  نظریئے کے تحت آئین کی بالادستی پارلیمنٹ کی تکریم کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بے مثال قومی راہنما بے نظیر بھٹو شہید کی ملکی جمہوری آیینی عوامی خدمات ہمیشہ یاد رہینگی۔ انہوں نے کہا کہ قوم کی بیٹی نے آمریت اور دہشتگردی کے خلاف مردانہ وارجنگ میں ملک پر جان نچھاور کی ۔ بے نظیر بھٹو شہید کروڑوں پاکستانیوں کے دلوں میں آج بھی زندہ ہیں۔ نیر بخاری نے مزید کہا کہ زبردستی نظریہ مسلط کرنے والوں کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مشن پر چلتے ہوئے ملک کو دہشتگرد کی لعنت سے پاک کریں گے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو شہید کے یومِ ولادت کے موقع پر کہا ہے کہ سال گذریں یا صدیاں، شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی طویل جدوجہد، عظیم قربانی اور انسان دوست فلسفہ لازوال ہیں۔ جن کی بدولت پاکستانی عوام کی حتمی فتح اب قریب ہے۔ پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ عوام دشمن قوتوں کی جانب سے شہید محترمہ بینظیر بھٹو پر کیئے جانے والے مظالم پر انسانیت ہمیشہ شرمندہ رہے گی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میں عوام کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ جنہوں نے ایک لمحے کے لئے بھی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو فراموش نہیں کیا۔ تاریخی طور، پاکستانی قوم اپنے محسنوں کو فراموش کرتی ہے نہ دشمنوں کو پہچاننے میں غلطی۔ پی پی پی چیئرمین نے قوم کو یقین دلایا کہ وہ اپنی شہید ماں کے اس نامکمل مشن کو پورا کرنے کے لئے جدوجہد جاری رکھے گا۔ جو پاکستان میں جمہوریت کو مضبوط بنانے اور عوام کو خوشحال بنانے کا مشن تھا۔

ای پیپر-دی نیشن