• news

نئی ٹیکنالوجی سے سی پیک میں شامل بحری علاقے محفوظ بنیں گے: سربراہ بحریہ

اسلام آباد (خصوصی  نامہ نگار) چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی  نے کہا ہے کہ عالمی یوم ہائیڈروگرافی پوری دنیا میں 21 جون کو منایا جاتا ہے تاکہ کھلے سمندروں اور بندرگاہوں میں محفوظ جہاز رانی کو ممکن بنانے کے لئے ہائیڈروگرافی کے شعبے میں کئے گئے کام کو سراہا جاسکے۔ پاک بحریہ میں ایک نئے سروے شپ ''پی این ایس بحرِ مساح'' کو شامل کیا گیا جس پر جدید ترین تحقیقی آلات نصب ہیں۔ اس جہاز کی شمولیت سے قومی سروے کی صلاحیت میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔  نئی شامل ہونے والی یہ ٹیکنالوجی ساحل پر موجود سی پیک کے انفراسٹرکچر لے لئے بھی معاون ثابت ہوگی اور سی پیک میں شامل بحری علاقے کو جہاز رانی کے لئے محفوظ بنانے میں بھی اپنا کردار ادا کرے گی۔ پاک بحریہ ہر سال یہ دن مناتی ہے تاکہ بحری سرگرمیوں میں ہائیڈروگرافی کی اہمیت کو اجاگر کیا جاسکے جو کہ ہماری قومی معیشت میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ میں تمام میری ٹائم سٹیک ہولڈرز سے گزارش کرتا ہوں کہ ہائیڈروگرافی اور اس سے متعلق سرگرمیوں کی آگہی کے لئے مشترکہ کوششیں کریں۔ اس سے بحری ذخائر کے استعمال اور تجارت کو فروغ حاصل ہوگا جوکہ قومی معیشت کی بہتری اور پائیدار سمندروں کے قیام کو ممکن بنائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن