بھارت‘ اسرائیل کے مظالم روکنے کیلئے مسلمان حکمران متحد ہو جائیں: زبیر ظہیر
لاہور (خصوصی نامہ نگار) اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ اور مرکزی جماعت اہلحدیث پاکستان کے امیر علامہ زبیر احمد ظہیر نے مسلمان ممالک کے حکمرانوں سے ذاتی اختلافات بھلا کر کشمیر یوں‘ فلسطینیوں اور برما کے مظلوم مسلمانوں کو مظالم سے بچانے کیلئے ایک ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر امت مسلمہ کے حکمران ایک نہ ہوئے تو انکی حکومتیں‘ اقتدار‘ عزت اور وقار بھی باقی نہیں رہے گا۔ انڈیا اور اسرائیل جیسے دہشت گرد کو بھرپور منہ توڑ جواب دینے کا وقت آچکا ہے۔ ورنہ ان کے حوصلے بڑھتے رہیں گے جو سب سے بڑا ظلم اور ناانصافی ہوگی۔ امت مسلمہ کے بے حس حکمران کب تک مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کا تماشہ دیکھتے رہیں گے۔ اتوار کے روز اپنے دفتر میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا کہ دنیا بھر کے مسلمان حکمرانوں کو اپنی عزت آبرو اور مقام کا احساس کرتے ہوئے جہاں جہاں بھی مسلمان ہیں انکی عملی مدد کیلئے حقیقی معنوں میں اقدامات اٹھانے چاہئیں۔ اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل میں اپنی اہمیت منوانے کیلئے بھی تمام مسلمان حکمرانوں کو متحد ہو کر ایک حقیقی کردار ادا کر نا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مسجد اقصیٰ پر آئے روز جاری اسرائیلی جارحیت اور کشمیریوں پر بھارتی مظالم کو ختم کر وانے کیلئے مسلمان ممالک کی قیادت کو اپنے اختلافات کو ایک طرف رکھتے ہوئے پوری سنجیدگی اور جرات کیساتھ آگے بڑ ھنا چاہیے۔ اگر مسلمان حکمرانوں نے ہوش کے ناخن نہ لیے تو ظلم زیادتی اور جبر مسلمانوں کا مقدر بن جائے گا۔