عمران جھوٹ بولتے، وزراء وضاحت کرتے ہیں: مریم اورنگزیب
اسلام آباد (آئی این پی+این این آئی) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران صاحب جب بولتے ہیں، وزرا ء کی طرف سے بیان کی تائید کم اور وضاحت زیادہ آتی ہے۔ عمران صاحب کا بیان سیاق و سباق پہ رہتا کم اور ہٹتا زیادہ ہے۔ اتوار کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ آٹا، چینی، بجلی، گیس، دوائی، ویکسین کی چوری، معیشت کی تباہی، مہنگائی، تاریخی قرض، کشمیر کا سودا کس کس چیز کی وضاحت کریں گے؟۔ یہ حکومت نہیں جھوٹ بولنے والوں کا ٹولہ ہے جس کی ہر سانس جھوٹ پر چل رہی ہے۔ ایک اور بیان میں مریم اورنگزیب نے ملک بھر میں انسدادِ کرونا ویکسین کی قلت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کرونا ویکسین کی عدم دستیابی کو مجرمانہ غفلت قرار دیا ہے اور کہا کہ پمز سمیت ملک بھر کے بڑے ویکسی نیشن مراکز میں کرونا ویکسین دستیاب نہیں ہے۔ عمران صاحب بتائیں کہ وقت پر ویکسین کیوں نہیں منگوائی؟۔ فراہمی میں تعطل کیوں آرہا ہے؟۔