خاتون کے کپڑے مختصر ہونگے تو مردپر اثر پریگا: وزاعظم
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مرد کوئی روبوٹ نہیں، اگر عورت کپڑے کم پہنے گی تو اس کا اثر تو ہو گا۔ امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہمارے پاس یہاں ڈسکو یا نائٹ کلب نہیں ہیں، یہ ایک مکمل طور پر مختلف معاشرہ ہے۔ جب آپ لوگوں کو اکسائیں گے تو ان نوجوانوں کے پاس جانے کے لیے کوئی جگہ نہیں ہو گی تو پھر اس کے نتائج ہوں گے۔ اس سوال پر کہ کیا واقعی خواتین کے لباس کا چناؤ ان پر جنسی تشدد کی وجہ ہے؟۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس کا انحصار اس بات پر ہے کہ آپ کس معاشرے میں رہتے ہیں۔ خواتین پر جنسی تشدد سے متعلق بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ مرد کوئی روبوٹ نہیں ہے، اگر عورت کپڑے کم پہنے گی تو ا س کا اثر تو ہو گا۔ وزیراعظم نے کہا جنسی جرائم کی روک تھام کیلئے معاشرے کے ہر طبقے کو کردار ادا کرنا ہو گا۔ ہمیں میڈیا کے ذریعے نوجوان نسل کو بہتر معاشرے کی تشکیل کیلئے تیار کرنا چاہیے۔ فلموں اور ڈراموں کا اثر معاشرے کے عمومی رویے پر ہوتا ہے۔