پرویز خٹک کا خطاب، حکومتی، اپوزیشن ارکان کے قہقہے
قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیر دفاع پرویز خٹک کے خطاب کے دوران ایوان میں قہقہے گونجتے رہے، اپنے خطاب کے دوران جب پرویز خٹک نے کہا کہ’’ جس ملک میں مہنگائی نہیں ہوگی تو وہ ملک رک جائے گا‘‘ اس پر حکومت اور اپوزیشن کی نشستوں سے قہقہے گونج اٹھے۔ جب وزیر دفاع نے جوش خطابت میں استفسار کیاکہ ’’ ملک میں لوگوں کے پاس گاڑیاں ہیں، اچھا رہن سہن ہے، بتائیں کہاں غربت ہے؟‘‘ تو تحریک انصاف کے ہی رکن نے آواز بلند کی’’کرک میں غربت ہے‘‘ جس پر وزیر دفاع نے جواب دیا ’’ وہاں ہوگی لیکن ملک میں کوئی غربت نہیں ہے۔‘‘جس پر ایک بار پھر پورا ایوان قہقہوں سے گونج اٹھا، انہوں نے اپوزیشن کی نشستوں کی طرف اشارہ کر تے ہوئے کہا کہ مولانا صاحب کو دعائوں کی نہیں بدعائوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مہنگائی ہوگی تو ملک چلے گا، کارخانے چلیں گے، مہنگائی نہیں بڑھے گی تو ملک رک جائے گا، وزیر بحری امور علی زید ی نے کہا کہ ہمیں وہ لیکچر نہ دیں جو اپنے گریبان میں نہیں جھانک سکتے، انہوںنے پیپلز پارٹی کو بھی مسلم لیگ(ن)کے ساتھ بیٹھنے کا ’’طعنہ‘‘ دیا اور کہا علی زیدی نے سابق وزیراعظم پر بھی فوجی آمر سے ڈیل کا لزام لگاتے ہوئے کہا کہ ’’محترمہ بے نظیر بھٹو نے بھی ابوظہبی میں ایک ڈکٹیٹر سے ڈیل کی‘‘