عوام کوغربت سے نجات دلانے کیلئے کرپشن کو جڑ سے اکھاڑنا ہوگا:سربراہ سنی تحریک
لاہور(خصوصی نامہ نگار)سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ کرپشن کا دروازہ بند کرنا ہے تو کرپٹ قوتوں کو پابند سلاسل کرنا ہوگا ،کراچی کی تعمیر وترقی کیلئے سپریم کورٹ کے ایکشن کا خیر مقدم کرتے ہیں ،ہرادارے سے کرپشن کو ختم کرنے کیلئے حکومت کو ہنگامی بنیادوں پر حکمت عملی اور فوری سزاؤں کیلئے اقدامات کرنا چاہیے ،11کروڑ عوام کو غربت سے نجات دلانے کیلئے کرپشن کو جڑ سے ختم کرنا ہوگا ،معاشی انجن کو تیز چلانے کیلئے رکاوٹوں کو دور کرنا ہوگا ،کرپٹ مافیاز پر کسی بھی قسم کا رحم نہیں ہونا چاہیے انہی کی بدولت غربت بڑھی ہے ،چیف جسٹس سپریم کورٹ سے مطالبہ ہے کہ کرپشن کے خاتمے کیلئے حکومت پر آئینی دبائو بڑھائے ،صادق وامین مظلوم غریب پر کسی طور بھی ناانصافی نہیں ہونے دیتا ظالم کے سامنے ڈٹ جاتا ہے ،موجودہ حکومت کرپشن کو ختم کرنے کیلئے سنجیدہ ہے تو بلاتفریق قومی دولت لوٹنے والوں کو قانون کے شکنجے میں لائے ،پائیدار جمہوریت ہی معاشی استحکام اور خوشحالی کی ضمانت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی سیکرٹریٹ پیر مکی میں اعلیٰ سطح اجلاس سے خطاب کرتے ہوے کیا۔