امریکہ نے شرمندگی اور تباہی کے سوا ہمیں کچھ نہیں دیا: حامد کرزئی
کابل (نوائے وقت رپورٹ) سابق افغان صدر حامد کرزئی نے کہا ہے کہ امریکہ 20 سال پوری طاقت کے ساتھ یہاں رہنے کے باوجود اپنے مقاصد حاصل نہیں کر سکا اور ناکام واپس لوٹ رہا ہے۔ عالمی خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کو دیئے گئے انٹرویو میں افغانستان کے سابق صدر حامد کرزئی نے ملک سے امریکی فوجیوں کے انخلاء اور اس کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر کھل کر اپنے تحفظات اور خدشات کا اظہار کیا۔ 13 سال تک ملک کے صدر رہنے والے حامد کرزئی نے کہا کہ انتہاپسندی کے خاتمے اور استحکام کا ہدف لیکر افغانستان آنے والا امریکہ 20 سال بعد بھی اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہا۔ حامد کرزئی نے مزید کہا کہ افغانستان سے واپس جانے والی امریکی فوج نے میراث میں صرف مکمل شرمندگی اور تباہی چھوڑی ہے، تاہم اچھی بات یہ ہے کہ اب افغان عوام اب متحد اور امن کی خواہش رکھنے والے افغانوں کو اپنے مستقبل کی ذمہ داری خود اٹھانا چاہئے۔