10لاکھ ٹن گندم درآمد، سرکاری زمین کے عوض سلوک بانڈز جاری کرنے کی منظوری
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فوادچودھری نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن ایک آئینی اور انتظامی ادارہ ہے، پارلیمان کے بنائے ہوئے قوانین پر عمل درآمد کا پابند ہے، اوورسیز پاکستانیز ہمارے محسن ہیں، تحریک انصاف نے ہمیشہ انہیں ووٹ کا حق دینے کی بات کی، سمجھ نہیں آ رہا کہ ن لیگ اور پی پی پی کیوں اوورسیز پاکستانیوں سے خوفزدہ ہیں، اوورسیز پاکستانیوں کی ترسیلات زر نے پاکستان کی معیشت کو بدل کر رکھ دیا، 90 فیصد ترسیلات زر 500 ڈالر سے کم رقم کی ہیں، ان کی جانب سے بڑی تعداد میں ترسیلات زر کا آنا عمران خان کی قیادت پر ان کے اعتماد کا مظہر ہے، آصف زرداری اور نواز شریف پر اوورسیز پاکستانیوں کو اعتماد نہیں تھا، انہیں ڈر تھا کہ وہ ان کی امانت میں خیانت کریں گے، اپوزیشن کی جانب سے اے پی سی پارلیمان کو کمزور کرنے کی سازش ہے، اصلاحات کی بات وہ سیاسی جماعتیں کریں جن کی پارلیمان میں نمائندگی ہے، پوری دنیا پاکستان کے ویکسی نیشن کے پروگرام کی معترف ہے، چار لاکھ افراد روزانہ ویکسینیشن کروا رہے ہیں، ہمارا ہدف اس سال کے آخر تک سات کروڑ افراد کو ویکسین لگوانا ہے۔ وفاقی کابینہ نے اسلم خان کو پی آئی اے کا نیا چیئرمین تعینات کرنے کی منظوری دی، ممنوعہ اسلحہ کے لائسنس کے اجراکا معاملہ موخر کر دیا گیا، لکسمبرگ کے ساتھ دوہری شہریت کے معاہدے، پبلک پراپرٹی انکروچمنٹ بل 2021کی منظوری سمیت ساجد بلوچ کو نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر تعینات کرنے کی منظوری دی۔ منگل کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے بتایا کہ کابینہ کے اجلاس میں ای وی ایم اور آئی ووٹنگ پر بریفنگ دی گئی۔ فواد چودھری نے کہا کہ الیکشن کمشن ناکام سیاست نہیں کمشن کو اس سلسلے میں اقدامات کرنے چاہئیں، اگلے انتخابات سے پہلے مقامی انتخابات اور ضمنی انتخابات میں ای وی ایم استعمال ہونی چاہئے تاکہ لوگوں کا اس پر اعتماد پیدا ہو اور اگر کوئی مسائل سامنے آتے ہیں تو اگلے الیکشن سے پہلے انہیں دور کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پی پی ن لیگ سمجھتے ہیں کہ اوورسیز پاکستانیز عمران خان کے ووٹر ہیں اور اسی وجہ سے الیکٹورل ریفارمز رکی ہوئی ہیں کیونکہ ن لیگ اور پی پی پی اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق نہیں دینا چاہتے۔ اوورسیز پاکستانیوں کو نواز شریف اور آصف علی زرداری پر اعتماد نہیں ، وہ سمجھتے تھے کہ یہ لوگ ان کی بھیجی ہوئی امانت میں خیانت کریں گے، یہی وجہ ہے کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی اوورسیز پاکستانیوں کو ہر صورت انتخابی عمل سے باہر رکھنا چاہتے ہیں۔ ونڈ پاور جنریشن کے ایک منصوبے کے حولے سے خصوصی رعایت دے کر ٹرائی کارن ونڈ پاور کمپنی کے امپورٹڈ سامان (دو یونٹس ۔ کرین وغیرہ) کی پوسٹ شپمنٹ انسپکشن کی اجازت دینے کا معاملہ موخر کر دیا گیا۔ کابینہ نے سرکاری زمین کے عوض سکوک بانڈز جاری کرنے کی منظوری دے دی ۔ انہوں نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے ملک میں اسلامی بینکنگ انڈسٹری کے فروغ کے حوالے سے ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل اجارہ سکوک کے بروقت اجراکے لئے مطلوبہ اثاثے بروئے کار لانے کی اجازت دینے کی تجویز بھی منظور کی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے ساجد بلوچ کو ایگزیکٹو ڈائریکٹر نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن تعینات کرنے کی منظوری دی۔ کابینہ نے کارلٹن ہوٹل کراچی کی اراضی کے استعمال کی تجویز کا ایجنڈا بھی ایک ہفتے کے لئے موخر کر دیا۔ اس کے علاوہ ممنوعہ اسلحہ کے لائسنس کے اجراکی درخواستوں پر غور کا معاملہ بھی موخر کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے اسلام آباد کے ماسٹر پلان کا از سر نو جائزہ لینے کے حوالے سے قائم فیڈرل کمیشن میں ممبران کی تعیناتی اور وفاقی دارالحکومت میں موجود غیر منظور شدہ اور غیر قانونی ہاسنگ سوسائٹیوں کے معاملہ کا جائزہ لینے کے لئے کمیشن کے قیام کی سمری بھی مزید غور کے لئے واپس لے لی گئی ہے۔ ماحولیاتی مسائل کو اہمیت دی جائے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وفاقی حکومت کی بہت سی جگہوں پر پراپرٹیز ہیں جن پر قبضہ ہے جن میں کراچی میں مہنگی پراپرٹیز بھی شامل ہیں، نیشنل پریس ٹرسٹ کی بے شمار پراپرٹیز ہیں، جو قانون لایا جا رہا ہے اس میں ایک سرکاری افسر انکروچمنٹ کی نشاندہی پر 30 روز کے اندر شوکاز نوٹس جاری کرے گا، معاملہ عدالت میں جتنا عرصہ چلے گا تو اس زمین پر اتنا ہی کرایہ قبضہ کرنے والوں کو ادا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے کری روڈ اسلام آباد میں سپریم کورٹ سٹاف ہائوسنگ کالونی کی تعمیر کی اجازت دینے کے معاملے کا جائزہ لینے کے لئے وفاقی وزیر انسانی حقوق کی سربراہی میں کمیٹی کے قیام کی منظوری دی ہے۔ کابینہ نے عاصم رئوف (ایڈیشنل ڈائریکٹر) کو تین ماہ کے لئے یا نئے افسر کی تعیناتی تک (جو بھی پہلے ہو) چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی تعینات کرنے کی منظوری دی ہے۔ سکھر الیکٹرک پاور کمپنی کے چیف ایگزیکٹو کی تعیناتی کا معاملہ موخر کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دیامر بھاشا کمپنی میں پانچ انڈیپنڈنٹ ڈائریکٹرز تعینات کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 16 جون 2021اور 21 جون 2021کے اجلاسوں میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کی۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے ملک میں گندم کی مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے اور ملک میں گندم کی وافر فراہمی کو یقینی بنانے کی غرض سے مزید دس لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کی منظوری دی۔ واضح رہے کہ کابینہ پہلے ہی 30 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کی منظوری دے چکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے 17 جون 2021کے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمشن پارلیمنٹ کے قانون پر عمل درآمد کرنے کا ذمہ دار ہے، آئین سے متصادم ہونے کا معاملہ سپریم کورٹ طے کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ طے کرنا کہ انتخابات کا طریقہ کار کیا ہوگا، پاکستان کی سیاسی قیادت کا کام ہے۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ چار لاکھ افراد روزانہ ویکسینیشن کروا رہے ہیں، ہمارا ہدف اس سال کے آخر تک سات کروڑ افراد کو ویکسین لگوانا ہے۔ ایک اور سوال پر وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے اے پی سی پارلیمان کو کمزور کرنے کی سازش ہے، اصلاحات کی بات کرنی ہے تو پارلیمنٹ کے اندر موجود جماعتیں اس پر بات کریں، ہم اس نظام میں مولانا فضل الرحمان اور مریم نواز کو اسٹیک ہولڈر نہیں سمجھتے، یہ لوگ ہر ممکن کوشش کریں گے کہ یہ نظام نہ چل سکے۔ انہوں نے کہا کہ وہ سیاسی جماعتیں جن کی پارلیمان میں نمائندگی ہے، وہ ہمارے ساتھ بیٹھیں، بات کریں، ہم ان کے ساتھ چلنے کو تیار ہیں۔