لاہور دھماکہ کے زمہ دار بچ نہیں سکیں گے: عثمان بزدار، زخمیوں کی عیادت
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے جناح ہسپتال کا دورہ کیا اور جوہر ٹاؤن دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی۔ وزیراعلیٰ فرداً فرداً زخمی افرادکے پاس گئے اور ان کی خیریت دریافت کی۔ وزیراعلی عثمان بزدار نے جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کے لئے مالی امداد کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ املاک کو پہنچنے والے نقصان کا بھی ازالہ کیا جائے گا اور زخمی افراد کا فری علاج معالجہ ہوگا۔ وزیر اعلی نے زخمی افراد کی عیادت کرتے ہوئے کہاک ہ ہماری ہمدردیاں آپ کے ساتھ ہیں۔ حکومت آپ کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بزدل دشمن بہادر پاکستانی قوم کا سامنا نہیں کرسکتا۔ وزیراعلیٰ رات گئے تک متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کرتے رہے۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ریسکیو1122 اور متعلقہ اداروں کو امدادی سرگرمیو ں کے حوالے سے ضروری ہدایات دیں۔ وزیراعلیٰ اقدامات کی خود نگرانی کرتے رہے اور زخمیوں کی صحت کے حوالے سے لمحہ بہ لمحہ با خبر رہے۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے جوہر ٹاون کے علاقے میں دھماکے کی شدید مذمت کی اور انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ دھماکے کے ذمہ داروں کو فی الفور قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے جناح ہسپتال اور دیگرہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ زخمیوں کے علاج معالجے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی موقع پر پہنچے او رصورتحال کا جائزہ لیا جبکہ صوبائی وزراء ڈاکٹر یاسمین راشد اور ہاشم ڈوگر نے جناح ہسپتال کا دورہ کیا اور زخمیوں کی عیادت کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ یہ واقعہ امن و امان کی فضاء کو سبوتاژ کرنے کی مذموم کارروائی ہے۔دھماکے کے ذمہ دار قانون کی گرفت سے نہیں بچ پائیں گے۔مٹھی بھر دہشت گرد قوم کے پختہ عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔ملک دشمن عناصر ایسی بزدلانہ کارروائیاں کر کے عدم ا ستحکام پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں -انہوں نے کہاکہ جاں بحق افراد کے لواحقین کی مالی امداد کی جائے گی جبکہ املاک کو پہنچنے وا لے نقصان کا ازالہ کریں گے- دریں اثناء وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ٹیلی فونک رابطہ کیا-وزیراعلی سندھ نے جوہر ٹاون دھماکے کی مذمت کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ دھماکے کے ذمہ دار جلد قانون کی گرفت میں ہونگے۔ علاوہ ازیں بزدار حکومت نے سی پیک کے منصوبوں اور زراعت کی پائیدار ترقی کیلئے بڑا اقدام، کارپوریٹ ایگریکلچر فارمنگ پالیسی مرتب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پالیسی کے ذریعے چین کے سرمایہ کارو ں کو کارپوریٹ ایگریکلچر فارمنگ کے لئے اراضی دی جا سکے گی- وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ زراعت کی ترقی کے لئے جدید خطوط پر منفرد انداز میں کام کریں گے۔ فوڈ سیکورٹی کے لئے کارپوریٹ ایگریکلچر فارمنگ کو فروغ دینا وقت کا تقاضا ہے - فیصل آباد کے سپیشل اکنامک زون میں چین کے سرمایہ کاروں کے لئے ہرطرح کی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ سی پیک گیم چینجر ہے اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا ضامن ہے۔ مزید براں وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلی سطح کا اجلاس ہوا۔ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے بھی اجلاس میں شرکت کی-اجلاس میں کارپوریٹ ایگریکلچر فارمنگ کے لئے پالیسی کا جائزہ لیا گیا۔ دریں اثناء پاکستان اورچین کے سفارتی تعلقات کے 70برس مکمل ہونے کے حوالے سے وزیراعلی آفس میں تقریب کا انعقاد کیا گیا-وزیر اعلی عثمان بزدار اور صوبائی وزراء نے پاکستان اور چین کے پرچم تھام کر تقریب میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار اور صوبائی وزراء نے پاک چین دوستی زندہ باد کے نعرے لگائے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اورچین کی دوستی ہر آزمائش پر پورا اتری ہے۔ اقوام عالم میں پاک چین تعلقات کو رشک کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ عمران خان کی حکومت میں پاک چین تعلقات نئی بلندیوں کو چھورہے ہیں۔علاوہ ازیں اسمبلی اجلاس میں شرکت کیلئے آنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عثمان بزدار نے کہا ہے کہ جوہر ٹائون میں دھماکے کا جو بھی مجرم ہوگا وہ قانون سے نہیں بچ سکے گا۔ تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔