سلطانز پی ایس ایل چمیپئن بنیں گے، زلمی کوئی دبائو نہیں لیں گے
لاہور(سپورٹس رپورٹر) ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے فائنل میں پشاور زلمی کے خلاف بھرپور پلاننگ کیساتھ میدان میں اترنے کا اعلان کردیا۔ورچوئل پریس کانفرنس میں کہا کہ شاہد آفریدی جیسے عظیم کھلاڑی کی کمی بہت محسوس کی، وہ بہت بہادر اور ایک مثالی کھلاڑی ہیں، ان سے بہت کچھ سیکھنے کی کوشش کرتا ہوں، شاہد بھائی ہر میچ سے پہلے اپنی رائے دیتے ہیں، وہ گھر میں رہ کر بھی ہم سے الگ نہیں۔ ان کے مشورے ٹیم کے بہت کام آرہے ہیں۔ میچز سے پہلے میٹنگ میں سب لڑکوں کو یہی بولا تھا کہ چاہے سارے میچز ہار جائیں، کوئی پروا نہیں کرنی، اپنے نیچرل انداز سے کھیلنا ہے اور یہ بات بس دماغ میں رکھنی ہے کہ ہم چیمپئن بن سکتے ہیں اور اس بار کے چیمپئن ہم ہی ہیں۔انہیں کراچی کنگز کی طرف سے کھیلنے کا موقع نہیں مل سکا، شاید مجھ میں ہی کوئی کمی رہ گئی ہوگی، کسی سے کوئی گلہ نہیں، ٹی وی پر مجھے ٹی ٹونٹی کا کھلاڑی قرار نہ دینے والوں سے بھی کوئی شکوہ نہیں، ملتان سلطانز میں آنے کے بعد یہ ایک بہت چیلنج تھا کہ جو توقعات وابستہ کی گئی ہیں۔کپتانی کے حوالے سے کہا کہ اس کا کوئی شوق نہیں، اس بات پر یقین رکھتا ہوں کہ سب کچھ اللہ کی طرف سے ہوتا ہے اور وہ ہی مدد کرتا ہے، میں خود کو بڑا کھلاڑی اور کپتان نہیں سمجھتا، بلکہ ہر ایک سے سیکھنے کی کوشش کررہا ہوں۔عثمان قادر کو زیادہ موقع نہ دینے پر رضوان نے واضح کہا کہ ابوظہبی کی پچز پر دو لیگ سپنرز کیساتھ کھیلنا مشکل ہے،عثمان بہت باصلاحیت ہے لیکن ٹیم کمبی نیشن میں اس کو کھلانا ہمارے لئے زیادہ سود مند نہیں۔ ٹیم اونر اور ٹیم مینجمنٹ نے ہر معاملے میں بہت سپورٹ کیا۔ان کے شکرگزار ہیں۔ پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے کہاکہ ایونٹ میں جتنا پریشر لینا تھا وہ لے چکے اور اب فائنل میں بغیر کوئی پریشر کے کھیل کو انجوائے کریں گے۔ابو ظہبی سے ورچوئل پریس کانفرنس میں کہا کہ میچ جیتیں یا ہاریں، انفرادی طور پر کس کو تعریف اور تنقید کا نشانہ نہیں بناتے، ہمیشہ ایک دوسرے کو سپورٹ کرتے ہیں، یہی ہماری اب تک کی کامیابی کا راز رہا ہے۔ حیدر علی کو اب بھی میچ ونر قرار دیتا ہوں، بدقسمتی سے اس کی فارم اچھی نہیں چل رہی، ایسا وقت ہر کھلاڑی پر آتا ہے، ہم اس کو بھرپور سپورٹ کررہے ہیں۔ ایونٹ میں جتنا پریشر لینا تھا وہ لے چکے اور اب فائنل میں بغیر کوئی پریشر کے کھیل کو انجوائے کریں گے۔ ملتان سلطانز کی ٹیم بہت خطرناک اور ہار جیت کھیل کا حصہ ہے لیکن جتنا میچ کو انجوائے کریں گے اتنا ہی جیتنے کا چانس زیادہ ہوگا۔ دو دن سے ٹھیک طرح سے سو نہیں پایا اس لیے فائنل کے حوالے سے کوئی خواب نہیں دیکھ سکا۔ ملتان سلطانز کی خوبیوں اور خامیوں کو دیکھ کر کھیلیں گے۔ ملتان سطانز کے صہیب مقصود اور شاہ نواز دھانی نے شاندار پرفارمنس دی ہے، دونوں کو پرفارم کرتے دیکھ کر بہت خوشی ہورہی ہے، فائنل میں ان دونوں پر ہی زیادہ پریشر ہوگا۔زلمی کپتان نے ان فٹ محمد عرفان کے حوالے سے بتایاکہ ان کو گھٹنے میں تکلیف اور کریمپس تھے لیکن اب پہلے سے کافی بہتر اور امید ہے کہ وہ میچ کیلئے دستیاب ہونگے۔ زازئی نے ہر میچ میں زبردست پرفارمنس دی ہے اور خواہش ہے کہ وہ فائنل میں بھی اچھی اننگز کھیلے۔ اتنا کھیلنے کے باوجود بھی ثابت کرنا پڑرہا ہے کہ سب سے بہتر ہوں، پاکستان کی دوبارہ نمائندگی کی تمنا ہے اور اس کیلئے بھرپور محنت کررہاہوں۔ وہ بطور کپتان ٹرافی اٹھائیں اس سے بڑا اعزاز کوئی نہیں ہوگا۔ پی ایس ایل میں ہمیشہ وکٹوں کی تعداد کے حوالے سے دوسرے نمبر پر رہا، دھانی کی 20 اور میری 18 وکٹیں ہیں، اس بار کوشش ہوگی کہ نمبرون پر فنش کروں، شعیب ملک مکمل پیکیج اور ٹی ٹونٹی کا اس وقت سب سے بہترین پلیئر ہے۔