ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 80ء کی دہائی میں ہوتی تو پاکستان، ویسٹ انڈیز فائنل کھیلتے: بشپ
لاہور (سپورٹس ڈیسک) ویسٹ انڈیز کے سابق فاسٹ باؤلر این بشپ کا کہنا ہے کہ اگر ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 1980ء میں کھیلی جاتی تو پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں فائنل کھیلتیں۔واضح رہے کہ 1980ء سے 1995ء کے دوران ویسٹ انڈین ٹیم ایک بھی ٹیسٹ سیریز نہیں ہاری تھی جو آج بھی ایک عالمی ریکارڈ ہے۔ 1976ء سے 1995ء کے درمیان ویسٹ انڈیز نے137 ٹیسٹ کھیلے جس میں صرف 18 ہارے اور 71 میں کامیابی حاصل کی۔ 1980ء کی دہائی میں ویسٹ انڈین ٹیم کا ایک ایسا دور بھی آیا تھا جب انہوں نے مسلسل 27 ٹیسٹ میچوں میں ایک بھی ٹیسٹ نہیں ہارا جو اب بھی ایک ریکارڈ ہے۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر این بشپ کی ویڈیو شیئر کی ہے۔ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اینکر این بشپ سے مداح کی جانب سے کیا گیا سوال پوچھتی ہیں کہ 1980ء میں اگر ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کھیلی جاتی تو کون سی ٹیمیں اس کے فائنل میں پہنچتیں؟اس سوال کے جواب میں این بشپ نے کہا کہ 1980ء کے آغاز میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو ہرانا ناممکن سمجھا جاتا تھا تاہم ویسٹ انڈیز کو پاکستان کیخلاف کھیلنے میں مشکل پیش آتی تھی۔انہوں نے انکشاف کیا کہ ویسٹ انڈیز کو پاکستان کی ٹیم نے ہمیشہ مشکل وقت دیا تھا۔ اس لیے اگر اس عرصے میں فائنل کھیلا جاتا تو یہ دونوں ٹیمیں مدمقابل آتیں۔