ترقی، سرمایہ کاری کیلئے ہر قیمت پر کرپشن ختم کرنا ہوگی: چیئرمین نیب
اسلام آباد (نامہ نگار) چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کرپشن کے خاتمہ کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ نسلوں کیلئے ایک بہتر اور خوشحال پاکستان کرپشن کے خلاف کوششوں سے ہی ممکن ہے۔ کرپشن کا ارتکاب کرنے والا اپنی حیثیت اور اختیار کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے ذاتی فوائد سمیٹتا اور بددیانتی کا مرتکب ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار سماجی و اقتصادی ترقی اور سرمایہ کاری کے لئے ہر قیمت پر کرپشن کو ختم کرنا ہو گا۔ کرپشن ملک کیلئے ایک چیلنج بن چکی ہے۔ ترقی یافتہ ملکوں میں ایسے پائیدار اقدامات کئے گئے ہیں جن کے ذریعے کرپشن کم ترین سطح پر آ گئی ہے۔ انہوں نے اس کیلئے انفراسٹرکچر بنایا ہے لیکن ترقی پذیر ملکوں میں ابھی یہ تشکیل کے مرحلہ میں ہے۔ منی لانڈرنگ، کرپشن، اختیارات کا ناجائز استعمال، معلوم ذرائع آمدن سے زائد اثاثے اور عوام سے دھوکہ دہی بڑے چیلنجز ہیں۔ پاکستان کے مستقبل کو روشن اور تابناک بنانے کیلئے نوجوان نسل کو اس معاملہ پر آگاہی فراہم کرنا بہت ضروری ہے اور ہمیں کرپشن کے خاتمہ کیلئے اجتماعی کوششیں کرنا ہوں گی۔