انتخابی قوانین جائزہ اجلاس، تمام جماعتوں میں اتفاق رائے پیدا کریں: صدر
اسلام آباد (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اوورسیز پاکستانیوں کو ان کے سیاسی حقوق دینے کے ساتھ ساتھ انتخابی عمل کو مزید شفاف، محفوظ اور غیر جانبدار بنانے کیلئے انتخابی اصلاحات کا عمل تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں انتخابی نظام کو مستحکم بنانے کیلئے مل کر کام کرنا سیاسی جماعتوں اور متعلقہ اداروں کی قومی ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو انتخابی اصلاحات کے حوالہ سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت نے الیکشنز ایکٹ 2017 ء کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں نے جمہوری عمل کو مضبوط بنانے کیلئے اس کی حمایت کی۔ اس مرتبہ بھی سیاسی جماعتو ں کی قیادت کی جانب سے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے ذریعے شفاف انتخابی عمل کے حوالہ سے عوام کے سیاسی حقوق کے تحفظ کے ساتھ ساتھ انٹرنیٹ ووٹنگ کے ذریعے سمندر پار پاکستانیوں کی سہولت کیلئے اسی تعاون کے جذبہ کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ وہ موجودہ انتخابی قوانین میں بہتری کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لینے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر ملک کے عوام کے بنیادی سیاسی حقوق کیلئے مل کر کام کرنا چاہئے۔ اجلاس وفاقی وزراء شفقت محمود، شبلی فراز، فواد چودھری، امین الحق اور مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے بھی شرکت کی اور قوانین کی بہتری کے حوالے سے تجاویز پر غور کیا۔