• news

جرمنی کیساتھ دفاعی تعاون سے علاقائی سیکورٹی پر مثبت اثرات ہو نگے: جنرل باجوہ

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور جرمنی کے درمیان دفاعی تعاون سے علاقائی سکیورٹی پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے  جرمنی کے سرکاری دورے کے دوران یہ بات جرمن چیف آف ڈیفنس  جنرل ایبر ہاریہڈزورن سے ملاقات کے موقع پر کہی۔ جرمنی کے ڈائریکٹر جنرل سکیورٹی ودفاعی پالیسی ڈ اکٹر ڈیلیف واٹر بھی ملاقات میں موجود تھے۔ پاک جرمن رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان دفاع، سکیورٹی اور دیگر شعبوں میں باہمی تعاون پر بھی گفتگو کی گئی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاک فوج جرمنی کیساتھ دو طرفہ دفاعی تعاون کو فروغ دینے کی خواہاں ہے تاکہ وہ تربیت  اور تکنیکی ترقی میں جرمن مہارت سے فائدہ  اٹھا سکے، اس فوجی تعاون کا دونوں ممالک کے باہمی تعلقات اور علاقائی سلامتی  پر بھی مثبت اثر ہوگا۔ دونوں  فریقوں نے  دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون کو ہر سطح پر مزید وسعت دینے کا  اعادہ کیا۔ جرمن چیف آف ڈیفنس نے علاقائی امن کیلئے پاکستان کے کردار کو سراہا اور افغان امن عمل میں بھی پاکستان کی کاوشوں کی تعریف کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ قبل ازیں وزارت دفاع پہنچنے پر آرمی چیف نے یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن