عمران سفیر کشمیر بنتے کلبھوشن کے وکیل بن گئے، وزیراعظم آزاد کشمیر جیالاہوگا: بلاول
کوٹلی (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان کشمیر کا سفیر بنتے بنتے اب کلبھوشن یادیو کا وکیل بن چکا ہے۔ ہجیرہ آزاد کشمیر میں جلسہ عام سے خطاب کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور کشمیریوں کا رشتہ 3 نسلوں کا ہے، آپ نے ذوالفقارعلی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کا ساتھ دیا اور انہوں نے آپ کا ساتھ دیا، پیپلزپارٹی نے آزاد کشمیرمیں جمہوریت اور پارلیمانی نظام کی بنیاد رکھی، آزاد کشمیر کے عوام عمران خان کی مہنگائی اور بیروزگاری کا مقابلہ کررہے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں حملہ ہوتا ہے تو عمران خان کہتا ہے میں کیا کروں، مقبوضہ کشمیرمیں مودی حکومت ظلم کررہی ہے۔ کٹھ پتلی نے کشمیر ہائی وے کا نام سری نگر ہائی وے رکھ دیا، یہ ان کا جواب ہے۔ کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار جمعہ والے دن بھی صرف ایک ہفتہ کیا، اس کٹھ پتلی نے کشمیر کا سودا کر لیا ہے، کشمیر کے فیصلے کشمیری عوام نہیں بلکہ کٹھ پتلی کررہے ہیں، کٹھ پتلی وزیراعظم کی ڈکٹیشن پر نہیں چلیں گے، کلبھوشن یادیو کو این آر او دینے کے لئے آرڈیننس لایا گیا، کلبھوشن نے آرڈیننس کا فائدہ نہیں لیا تو پارلیمان میں آگئے، عمران خان نے صرف کلبھوشن کو این آر او دیا ، اگر عمران خان نے کلبھوشن کو این آر او دینا ہے تو ہم اس کا ساتھ نہیں دیں گے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ ہمارا نعرہ رائے شماری کا ہے، کشمیر سے متعلق فیصلے صرف کشمیری عوام کریں گے، کشمیر کے عوام پاکستان پیپلز پارٹی کا وزیر اعظم منتخب کریں گے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر میں پاکستان پیپلز پارٹی ہی حکومت بنائے گی اور اگلا وزیراعظم پی پی کا جیالا ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ان کی طاقت حکومت ہے تو ہماری طاقت پاکستان پیپلز پارٹی ہے‘ حکومت بنانے کے لئے اپنی جماعت اور اپنے لوگوں کی طاقت پر یقین رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی بنیاد کشمیر کے مسئلے سے بنی تھی‘ یہ سفر آج تک جاری ہے۔ ہم نے بھٹو سے سیکھا ہے کہ اگر کشمیر کے عوام کے لئے ہمیں ہزار سال جنگ لڑنا پڑی تو لڑیں گے۔ بلاول کا کہنا تھا کہ بھٹو نے کہا تھا کہ وہ اپنی نیند میں بھی کشمیر پر کوئی غلطی نہیں کر سکتے۔ آزاد کشمیر کے عوام عمران خان کی مہنگائی سونامی کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ عمران خان چپ رہ سکتے ہیں‘ کشمیری نہیں۔ کٹھ پتلی نے کلبھوشن کو این آر او دلوا دیا اب ایٹمی پروگرام کے پیچھے پڑا ہے۔ا