طارق شفیع انتقال کر گئے‘ نمازہ جنازہ میں شہباز شریف کی شرکت
لاہور (کامرس رپورٹر+ خصوصی رپورٹر) سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے چچا زاد بھائی اور الشفیع گروپ آف انڈسٹریز کے چیئرمین میاں طارق شفیع کو باغبان پورہ کے قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ وہ دل کے دورہ کے باعث انتقال کر گئے تھے۔ انکی نماز جنازہ اتفاق مسجد ماڈل ٹائون میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ سید ریاض حسین نے پڑھائی۔ شہباز شریف، عزیز الرحمن چن، رحمان عزیز، میاں انجم نثار، خواجہ شاہ زیب اکرم، ایس ایم نصیر، میاں طارق مصباح، ناصر حمید خان اور نائب صدر طاہر منظور چودھری، مجیب الرحمن شامی، مصباح الرحمن، فاروق افتخار، شاہد حسن شیخ، محمد علی میاں، چیئرمین پیاف میاں نعمان کبیر، چوہدری شیر علی، ایم پی اے محمد طاہر پرویز، خواجہ سلمان رفیق، رانا ارشد، بلال یاسین، عرفان دولتانہ، گوہر اعجاز، سلطان اعجاز، ایس ایم عمران، سہیل سرفراز منج، حافظ امیر علی اعوان، حاجی حنیف اور وقار احمد میاں سمیت مختلف طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ آج 4بجے سہ پہر اتفاق مسجد میں قرآن خوانی ہو گی اور 6بجے شام دعا ہوگی۔ طارق شفیع سینئر لیگی رہنما سہیل ضیاء بٹ کے بہنوئی تھے۔ طارق شفیع اتفاق فاؤنڈریز کا حصہ رہے اور شریف خاندان کے دبئی میں کاروبار کی دیکھ بھال کرتے رہے ہیں۔ علاوہ ازیں شہباز شریف اپنے کزن طارق شفیع کے گھر پہنچ گئے‘ اہلخانہ سے اظہار تعزیت کیا۔ قبل ازیں وہ دوپہر کو بجٹ اجلاس کے لئے اسلام آباد روانہ ہوئے تھے۔ طارق شفیع کی وفات کی خبر سن کر واپس لاہور پہنچ گئے۔ مرحوم طارق شفیع، میاں شہباز شریف کے ہم زلف بھی تھے۔طارق شفیع 5 مارچ 1955ء کو پیدا ہوئے۔ 1971ء میں پاکستان ریلوے ہائی سکول سے میٹرک کے بعد گورنمنٹ کالج سے تعلیم حاصل کی۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق نائب صدر ایف پی سی سی آئی کے ریجنل چیئرمین اور نائب صدر رہے۔ ان کی شخصیت میں مذہبی رحجان غالب تھا۔ ان کی عمر 66 سال تھی۔