• news

جوہر ٹاؤن دھماکہ‘ مرکزی ملزم عید گل کا کالعدم تنظیم سے تعلق، بیرون ملک بھی گیا

لاہور (نامہ نگار) جوہر ٹاؤن دھماکے کے مرکزی ملزم عید گل کی پنڈی سے گرفتاری کے بعد اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق عید گل اپنے خاندان سمیت وزیرستان سے جھنگ منتقل ہوا تھا۔ بھائیوں کے ساتھ راولپنڈی میں زیادہ تر وقت گزارتا تھا۔ عید گل کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔ عید پیٹر پال ڈیوڈ کا چند سال قبل رابطہ ہوا تھا۔ پیسوں کے لالچ میں دھماکا کیا۔ جوہر ٹاؤن میں دھماکے کی جگہ پر ملزم عید گل دھماکہ خیز مواد نصب کار پارک کر کے فرار ہو گیا تھا۔ عید گل متعدد بار بیرون ملک بھی جا چکا ہے۔ مرکزی ملزم کو پکڑ کر سی ٹی ڈی پیٹر پال ڈیوڈ کے پاس لے کر آئی، تو اس نے بھی اپنے ساتھی کی شناخت کر لی۔ پیٹر پال ڈیوڈ نے دھماکے میں استعمال ہونے والی کار عید گل کو دی تھی۔ ڈیوڈ نے یہ کار دھماکے سے 7 روز پہلے گوجرانوالہ سے خریدی تھی۔عید گل سے نامعلوم مقام پر مزید تفتیش جاری ہے۔ اس سے پہلے اس کیس میں پیٹر پال ڈیوڈ ، گاڑی لاہور منتقل کرنے والے ملزم منڈی بہاؤالدین کے رہائشی سجاد حسین اور کار مکینک سمیت 9 ملزمان کو گرفتار کیا گیا تھا۔ تمام ملزموں سے سی ٹی ڈی تفتیش کر رہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن