کرونا،20اموات، دکانیںرات 10بجے تک اوپن، اسلام آباد ویکسینیشن سنٹر میں ہنگامہ
اسلام آباد‘ گلگت (نامہ نگار‘ آئی این پی‘ نوائے وقت رپورٹ) ملک بھر میں کرونا وائرس سے مزید 20 افراد جاں بحق ہونے کے بعد اموات کی تعداد 22 ہزار 231 ہوگئی۔ پاکستان میں کرونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 9 لاکھ 55 ہزار 657 ہوگئی۔ پیر کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 914 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ کرونا کی وبا میں کمی کے باعث سندھ بھر کے مزارات زائرین کے لئے کھول دیئے گئے ہیں تاہم لنگر پر بدستور پابندی ہوگی۔ سندھ بھر میں تمام انڈور جم، سوئمنگ پول اور امیوزمنٹ پارکس بھی کھول دیئے گئے ہیں۔ محکمہ داخلہ نے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔ کراچی میں عبداللہ شاہ غازی پر موجود زائرین مزار کھلنے پر خوشی سے نہال ہوگئے۔ زائرین کا ماسک پہننا لازمی ہوگا۔ اسلام آباد میں ایف نائن پارک کے ویکسی نیشن سینٹر میں بدنظمی پیدا ہوگئی جس کے باعث شہری سینٹر کا مرکزی دروازہ توڑ کر اندر گھس گئے۔ اس دوران دروازے کا شیشہ ٹوٹنے سے 2 سکیورٹی اہلکار بھی زخمی ہوگئے جس کے بعد ایف نائن پارک کا مرکزی داخلی دروازہ بند کردیا گیا۔ حکومت کی جانب سے خریدی گئی چینی کرونا ویکسین سائنو ویک کی 30 لاکھ خوراکیں آج چین سے پاکستان لائی جائیں گی۔ دوسری جانب قومی ادارہ برائے صحت (این آئی ایچ) میں تیار پاک ویک ویکسین کی دوسری کھیپ حکومت کے حوالے کر دی گئی ہے۔ دریں اثناء نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ملک بھر میں کاروباری مراکز کے اوقات کار رات 10 بجے تک کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اطلاق یکم جولائی سے 31 جولائی تک ہوگا۔ نئی پابندیوں کے حوالے سے صورتحال کا جائزہ اجلاس 27 جولائی کو کیا جائے گا۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق پیٹرول پمپس، میڈیکل سٹور سمیت ضروریات کے اہم کاروباروں کو چوبیس گھنٹے کھولنے کی اجازت ہوگی۔ اس کے علاوہ آؤٹ ڈور ڈائن ان کی اجازت دیتے ہوئے ان ڈور پر 50 فیصد کی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ صرف ویکسین لگوانے والے افراد ہی ان ڈور ڈائن ان کی سہولت حاصل کر سکیں گے۔ اعلامیہ کے مطابق شادی کی تقریب آؤٹ ڈور 400 افراد کی گنجائش سے کرنے کی اجازت ہوگی، 200 افراد تک ویکسینیٹڈ افراد ان ڈور شادی کی تقریب میں شریک ہو سکیں گے۔ اٹلی میں کرونا سے بچاؤ کے لئے فیس ماسک پہننے کی شرط ختم کر دی گئی ہے۔ اٹلی کے شمال مغرب میں واقع وادی آسٹاویلی کے علاوہ تمام علاقوں میں اب فیس ماسک کا استعمال لازمی نہیں رہا۔ ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن گلگت کیپٹن (ر) اسامہ مجید چیمہ نے کرونا وائرس ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کے بغیر شہر میں داخلے پر پابندی عائد کردی۔ مقامی و غیر مقامی سیاحوں کو ویکسی نیشن سرٹیفیکیٹ ساتھ لانا لازمی قرار، سرٹیفیکیٹ کے بغیر شہر میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔ متحدہ عرب امارات نے کرونا وائرس کے سبب پاکستان سمیت 14 ممالک کے لئے پروازوں پر عائد پابندی میں 21 جولائی 2021 ء تک توسیع کر دی ہے۔