• news

پارلیمانی قومی سلامتی کیمٹی کا اجلاس پرسوں طلب، ان کیمرہ بریفنگ دی جائیگی

اسلام آباد(ایجنسیاں ) افغانستان سے امریکی انخلا کے بعد کی صورتحال کے پیش نظر پاکستان کی سیاسی قیادت اہم فیصلوں کے لیے یکم جولائی کو سر جوڑ کر بیٹھے گی۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے خطے کی بدلتی صورتحال کے جائزہ کیلئے پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کا اجلاس بلالیا۔ پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کا اجلاس بجٹ منظوری کے فوری بعد یکم جولائی کو پارلیمنٹ ہائوس میں ہوگا جس میں اعلی عسکری و سول حکام امریکی انخلاء کے بعد افغانستان کی موجودہ صورتحال پر ان کیمرہ بریفنگ دینگے۔ پاکستان بھارت تعلقات، بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں کشمیر کی صورتحال، فضائی اڈے دینے کے امریکی مطالبے پر غور ہوگا۔ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سمیت تمام پارلیمانی جماعتوں کے سربراہان کو اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور ڈپٹی سپیکر قاسم سوری خصوصی دعوت پر اجلاس میں شریک ہوں گے۔ وفاقی وزرا شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک، اسد عمر، فواد چودھری، شوکت ترین، مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان و دیگر شرکت کرینگے۔ پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کے اجلاس میں قومی سلامتی سے متعلق اہم امور پر مشاورت کے بعد فیصلے کیے جائیں گے۔ متعلقہ وزارتوں کے سیکرٹریز اور مشیر قومی سلامتی میعد یوسف بھی شرکا کو بریفنگ دیں گے۔ اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈی جی آئی ایس آئی کی شرکت کا بھی امکان ہے۔ اجلاس سہ پہر 3 بجے پارلیمنٹ ہائوس کے کمیٹی روم نمبر2 میں ہوگا۔ اجلاس میں قومی سلامتی سے متعلق امور سمیت کشمیر اور افغانستان کی صورتحال پر بریفنگ دی جائے گی جبکہ امریکہ کی جانب سے فضائی اڈوں کے مطالبے اور خطے کے امور کا بھی تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ اپوزیشن لیڈر شہبازشریف، بلاول بھٹو سمیت تمام پارلیمانی لیڈرز کو شرکت کی دعوت دیدی گئی ہے۔ چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی اور ڈپٹی سپیکر قاسم سوری، وفاقی وزراء شاہ محمود قریشی، پرویزخٹک، اسد عمر، فواد چودھری، شیخ رشید، شوکت ترین، بابر اعوان و دیگر اجلاس میں شریک ہونگے۔ اجلاس میں سیاسی قیادت قومی سلامتی سے متعلق اہم امور پر مشاورت کے بعد فیصلے کرے گی جبکہ  متعلقہ وزارتوں کے سیکرٹریز اور مشیر قومی سلامتی معید یوسف بھی شرکاء کو بریفنگ دیں گے۔ خالد مقبول صدیقی، غوث بخش مہر، اختر مینگل، شاہ زین بگٹی، شہزاد سلیم، یوسف رضا گیلانی، خالد مگسی، شیری رحمن، فیصل سبزواری،  عبدالغفور حیدری و دیگر شریک ہونگے۔

ای پیپر-دی نیشن