• news

یوٹیلٹی سٹورز ، اشیاء ضروریہ پر سبسڈی میں صرف15دن کی توسیع

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے مہنگائی پر قابو پانے کے لیے یوٹیلٹی سٹور کو اشیائے ضروریہ پر سبسڈی کی   صرف 15 دن توسیع کی منظوری دی ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزارت صنعت و پیداوار کو ایک لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کرنے کے لیے 25 جون کو کھولے جانے والے ٹینڈر کی منظوری دی،  پندرہ روز کے اندرکاٹن کی امدادی قیمت مقرر کرنے کے لیے ذیلی کمیٹی بنا دی۔ جبکہ پی این ایس سی کے واجبات کی ادائیگی کے لیے پٹرولیم ڈویژن، فنانس ڈویژن اور پی ایس او کو ٹائم فریم دینے کی ہدایت کی گئی۔ نیٹ ہائیڈل پرافٹ کی مد میں واجبات کی ادائیگی کیلئے ای سی سی نے خزانہ  ڈویژن اور پاور ڈویژن کو دو ہفتے کے اندر ممکنہ حل پر مبنی آپشنز اور تجاویز پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اجلاس میں وزارت ایوی ایشن کو رواں مالی سال 2020-21 کے لیے تکنیکی ضمنی گرانٹ کے ذریعے ایک کروڑ روپے اضافی فنڈز، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو پاکستان اکیڈیمی فار دیہی ترقی پشاور کے لیے 2 کروڑ 7 لاکھ روپے کی تیکنیکی ضمنی گرانٹ فراہم کرنے کی بھی منظوری دے دی ہے۔ خزانہ ڈویژن کی جانب سے رواں مالی سال 2020-21 کے لیے سرکاری ملازمین کو تنخواہوں میں فرق کے الاؤنس کی ادائیگی کے لیے ایک ارب روپے کے فنڈز فراہم کرنے کی سمری کی منظوری بھی دی گئی ہے۔ وزارت بین الصوبائی رابطہ کو رواں مالی سال کے لیے ایک کروڑ 67 لاکھ روپے، وزارت داخلہ کی جانب سے فرنٹیئر کور بلوچستان (ساؤتھ) کے لیے ایک ارب ایک کروڑ 21 لاکھ 76 ہزار روپے، امیگریشن اینڈ پاسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کے لیے ایک ارب 60 کروڑ روپے کی تیکنیکی ضمنی گرانٹس کی منظوری دی گئی ہے۔ اسی طرح وزارت داخلہ کی جانب سے بھجوائی جانے والی تیسری سمری کے تحت ڈیپارٹمنٹ آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کو ہی 7 کروڑ 38 لاکھ 70 ہزار روپے کی دوسری تیکنیکی ضمنی گرانٹس جاری کرنے کی بھی منظوری دے دی ہے۔ یہ گرانٹ رواں مالی سال کے لیے این ایس پی سی ادائیگیوں کے لیے مانگی گئی تھی۔ اجلاس میں وزارت منصوبہ بندی کے رواں مالی سال 2020-21 کے لیے این ڈی آر ایم ایف پراجیکٹس کے لیے غیر ملکی امداد کے استعمال کے حوالے سے بھی 5 ارب 80 کروڑ روپے، امور خارجہ  ڈویژن کے لیے 2 ارب روپے، وزارت تجارت کے ٹیکسٹائل ونگ کے لیے 8 ارب روپے اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے لیے 45 کروڑ 64لاکھ 10 ہزار روپے کی تیکنیکی ضمنی گرانٹس  منظور کی گئی ہیں۔  

ای پیپر-دی نیشن