برکت مارکیٹ میں سلنڈر دھماکہ ،4دکانیں،10گاڑیاں تباہ، ایک زخمی
لاہور (نامہ نگار+سٹی رپورٹر) گارڈن ٹاؤن کے علاقے برکت مارکیٹ میں سلنڈروں کی دکان میں گیس ری فلنگ کے دوران ایک سلنڈر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا اور آگ بھڑک اٹھی۔ آگ اس قدر شدید تھی کہ اس نے4 ملحقہ دکانوں اور 10 کھڑی گاڑیوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا جبکہ آگ کی زد میں آکر مزید سلنڈر یکے بعد دیگرے زوردار دھماکوں سے پھٹتے رہے۔ علاقے میں شدید خوف وہراس پھیل گیا۔ جبکہ آگ لگنے سے کروڑوں روپے مالیت کا نقصان اور ایک شخص جھلس کر شدید زخمی ہو گیا ہے۔ دھماکوں کی خوفناک آواز سن کر قریبی عمارتوں‘ دفاتر اور دکانوں میں موجود لوگ خوفزدہ ہو کر باہر نکل آئے۔ جبکہ دھویں کے کالے بادل میلوں دور تک دکھائی دیتے رہے۔ اطلاع ملنے پر پولیس، ریسکیو 1122 اور دیگر امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ ریسکیو ٹیموں نے کئی گھنٹوںکی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا کر کولنگ کا عمل مکمل کرلیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق 50 سالہ بوٹا نامی شخص جھلس کر شدید زخمی جبکہ 10گاڑیاں اور 4 دکانیں مکمل تباہ ہو گئی ہیں۔سٹی رپورٹر کے مطابق کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان نے برکت مارکیٹ سلنڈر دھماکہ کی انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی ایک دن میں ابتدائی رپورٹ اور دو دن میں مفصل رپورٹ پیش کریگی۔