• news

سربراہ وفاق المدارس العربیہ مولانا عبدالرزاق سکندر انتقال کر گئے 

لاہور (خصوصی نامہ نگار) ملک کے ممتاز عالم دین جامعۃ العلوم الاسلامیہ بنوری ٹائون کراچی کے مہتمم و شیخ الحدیث، عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت اور وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر عبدالرزاق سکندر گزشتہ روز انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال پر جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے دلی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے  کہا ہے کہ پاکستان اور دنیا بھر کے مذہبی طبقے کیلئے بہت بڑا نقصان ہے۔ ذاتی طور پر ایک مشفق اور مہربان دوست اور سرپرست سے محروم ہو گیا۔ علاوہ ازیں جے یو آئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور  حیدری‘ ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا محمد امجد خان‘ مولانا محمد یوسف، مولانا فضل  علی حقانی‘ مولانا سائیں عبدالقیوم ہالیجوی ‘حاجی اکرم خان درانی‘ محمد اسلم غوری نے بھی انتقال پر دلی افسوس کا اظہار کیا۔ مجلس احرار اسلام پاکستان کے امیر مرکزیہ سید محمد کفیل بخاری نائب امیر پروفیسر خالد شبیر احمد سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ سید عطاء اللہ شاہ ثالث بخاری مولانا محمد مغیرہ میاں محمد اویس اور دیگر رہنماؤں نے دعائے مغفرت کرتے ہوئے مولانا مرحوم  کی طویل تدریسی و علمی اور جماعتی و تحریکی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ چیئرمین کل مسالک علماء بورڈ مولانا محمد عاصم مخدوم نے بھی تقریب کا اظہار کیا۔ مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر اور ناظم اعلیٰ سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے گہرے  رنج و غم کا اظہار کیا ۔ مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق  سکندر کی وفات پر جماعت اہلحدیث پاکستان کے امیر حافظ عبدالغفار روپڑی حافظ عبدالوہاب روپڑی پروفیسر عبدالمجید مولانا شکیل الرحمان ناصر پنجاب کے امیر حافظ عبدالوحید شاہد روپڑی  سمیت دیگر نے کہا ہے کہ مذہبی حلقے ایک شفیق بزرگ اور ممتاز عالم دین سے محروم ہو گئے ہیں ۔ راولپنڈی سے نوائے وقت رپورٹ کے مطابق آرمی چیف نے جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق سکندر کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے اللہ تعالیٰ مرحوم کے ورثاء کو صبر دے۔ مسلم لیگ ق کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت  حسین، قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویز الٰہی اور مونس الٰہی ایم این اے نے مولانا عبدالرزاق سکندر کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔  مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق سکندر 1935ء میں کاکول ایبٹ آباد میں پیدا ہوئے۔ مرحوم بلاواسطہ ہزاروں  بالواسطہ لاکھوں علماء کے استاد تھے۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل‘ مولانا تقی عثمانی‘ سینیٹر مشتاق احمد نے بھی مولانا کی وفات پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن