ڈرون حملے میں ملوث ہونے کا بھارتی وزیر داخلہ کا بیان من گھڑت: پاکستان
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر داخلہ جی کشن ریڈی کا پاکستان پر ڈرون حملے میں ملوث ہونے کا بیان غیر ذمہ دارانہ اور من گھڑت ہے۔ زاہد حفیظ نے کہا کہ بغیر کسی ثبوت کے بھارتی سرکار نے ایک مرتبہ پھر پاکستان پر الزام تراشی کی۔ اپنے زیر تسلط جموں و کشمیر میں ڈرون حملوں میں پاکستانی مداخلت کے بیان کو سختی سے مسترد کرتے ہیں۔ بھارتی وزیر داخلہ کا بیان بھارتی حکومت اور بھارتی میڈیا کی پاکستان مخالف پروپیگنڈا مہم کی ایک اور مثال ہے۔ بھارتی سرکار کا وطیرہ ہے کہ اندرونی معاملات میں پاکستان پر الزام تراشی کے ذریعے توجہ ہٹائے۔