• news

کمیونست پارٹی نے چین کو عالمی معاشی طاقت میں بدلا: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر)  شہبازشریف نے کمیونسٹ پارٹی چین (سی پی سی) کے قیام کے سو سال مکمل ہونے پر چین کے صدر اور سی پی سی کی سینٹرل کمیٹی کے جنرل سیکرٹری شی جن پنگ کو مبارک دی ہے۔ انہوں نے کہاکہ سی پی سی کے قیام کو سو سال مکمل ہونا چین کے عوام اور دنیا بھر میں چین کے دوستوںکے لئے ایک تاریخی موقع ہے۔  گزشتہ صدی کے دوران سی پی سی کی کامیابیاں بلاشبہ تاریخی سنگ ہائے میل کی حیثیت رکھتی ہیں۔  سی پی سی نے دانائی، قائدانہ بصیرت و جماعتی وابستگی اور ہر مرحلے پرانتہائی تدبر سے مشکلات کا کامیابی سے سامنا کیا ہے، خواہ یہ مرحلہ آزادی کی جدوجہد کا ہو، نظام کو استوار کرنے، ’خودانحصاری‘ کے اصول کی بنیاد پر قومی تعمیر نو کا ہو، معاشی اصلاحات اور اس کے نتیجے میں اپنی مارکیٹ کے لئے نئے دروازے کھولنے کا ہو، انسداد رشوت ستانی کی مہم ہو، چینی اوصاف اور شناخت کے ساتھ مارکیٹ اکانومی کو متعارف کرانا ہو، بیلٹ اینڈ روڈ کا اقدام ہو، غربت کا خاتمہ ہو، یا پھر عالمی منظر نامے میں فعال اور بااعتماد چین کے طورپر ابھرنا ہو، سی پی سی اور اس کی قیادت ہر آزمائش میں پورا اتری۔  سی پی سی نے چین کو ایک مضبوط شناخت دینے کے ساتھ مقصد پر یقین سے ایک خوابدیدہ قوت سے عالمی معاشی اور فوجی سٹرٹیجک طاقت میں تبدیل کردیا۔  گزشتہ سو برس کے دوران سی پی سی کی تاریخ اس حقیقت کا زندہ ثبوت ہے کہ عوام کی خدمت اور اس کی فلاح وبہبود اس کے فلسفے کا بنیادی اصول ہے جس سے سی پی سی کی پالیسیز نے جنم لیا ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن