کوئٹہ :سکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب دھماکہ،6 اہلکار زخمی
کوئٹہ (بیورو رپورٹ) کوئٹہ کے ائیرپورٹ روڈ پر موٹر سائیکل میں نصب بم دھماکے کے نتیجے میں 6سکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے۔ وزیر داخلہ بلوچستان میرضیاء لانگو نے جائے وقوعہ کے معائنے کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ فورسز کی گاڑیاں گزر رہی تھیں کہ انکے قریب موٹر سائیکل میں نصب بم زوردار دھماکے سے پھٹ گیا۔ جس کے نتیجے میں 6سکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو سی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کر دیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ دھماکے میں 3سے4 کلو گرام دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میںبھارت جیسا دشمن ملک بیٹھ کر پاکستان اور بالخصوص بلوچستان میں دہشت گردی کر رہا ہے۔ دشمن پاکستان کی ترقی میں خلل ڈالنا چاہتا ہے۔ کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔