ٹیکس میں کمی، لگژری گاڑیوں کے صارفین کو زیادہ فائدہ ہو گا
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) حکومت کی طرف سے گاڑیوں پر ٹیکس میں کمی سے لگژری گاڑیوں کے صارفین کو زیادہ فائدہ ہو گا جبکہ متوسط طبقہ کے استعمال میں آنے والی ایک ہزار سی سی تک کی کاروں کی قیمت بھی کم تو ہو گی مگر کم مالی فائدہ خریدار کو منتقل ہو گا۔ وفاقی حکومت نے ایک ہزار سی سی سے زائد اور 2000سی سی تک کی گاڑیوں پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی شرح 5فیصد سے کم کرکے 2.5فیصد کردی تاہم اس کٹیگری کی گاڑیوں پر سیلز ٹیکس کی شرح 17فیصد برقرار رکھی گئی، تخمینہ کے مطابق ایک ہزار سی سی سے زائد اور 2000سی سی تک کی گاڑیوں کی قیمت میں 48ہزار سے ایک لاکھ 28ہزار روپے تک کی کمی ہوگی۔ 660سی سی سے 1000سی سی تک کی گاڑیوں کی قیمت میں 88ہزار سے ایک لاکھ21ہزار روپے تک کی کمی واقع ہوگی۔ اس کے مقابلہ میں دو ہزار سی سی سے زائد اور 3000سی سی اور اس سے زائد گاڑیوں پر ود ہولڈنگ ٹیکس کی شرح 7.5فیصد سے کم کرکے 2.5فیصد کردی گئی جس سے اس کٹیگری کی گاڑیوں کی قیمت ایک لاکھ 60ہزار سے 2لاکھ 24ہزا ر روپے تک کی کمی ہوگی۔ ایک ہزار سی سی قوت کی گاڑیاں اب بھی متوسط طبقہ کی قوت خرید کا امتحان ثابت ہوں گی کیونکہ ڈالر کی قدر بڑھنے کی وجہ سے قیمتوں کا ردوبدل روز کا معاملہ ہے ۔