پاکستان ، چین کے برادرانہ تعلقات ہمیشہ رہیں گے: بلاول
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اہلیان چین کو چینی کمیونسٹ پارٹی کے صد سالہ جشن پر مبارک باد دی ہے۔ بیان میں انہوں نے کہا کہ چین کی معاشی ترقی دنیا بھر کے ترقی پسندوں کیلئے فخر کی وجہ ہے۔ چیئرمین ماؤ سے صدر شی جن پنگ تک اشتراکی نظام کے تحت عوامی جمہوریہ چین کی مثالی ترقی دنیا کیلئے ایک مثال ہے۔ مارکس لینن ماؤ آئیڈیالوجی کے ثمرات کی وجہ سے آج عوامی جمہوریہ چین دنیا میں ایک معاشی طاقت بن کر ابھرا ہے۔ چین میں سوشلسٹ انقلاب کی کامیابی نے ایک ارب سے زائد چینیوں کی خوش حالی میں کلیدی کردار ادا کیا۔ پاکستان اور چین کے روایتی برادرانہ تعلقات میں استحکام اور تسلسل ہمیشہ برقرار رہے گا۔ پاکستان پیپلزپارٹی اور چینی کمیونسٹ پارٹی میں نصف صدی کا نسل در نسل مضبوط ایک رشتہ ہے۔ شاہراہ ریشم سے پاک چین اقتصادی راہداری تک عالمی نوعیت کے منصوبے پی پی پی اور چینی کمیونسٹ پارٹی کی مشترکہ کاوشوں کے ثمرات ہیں۔ علاوہ ازیں بلاول بھٹو زرداری نے شہباز شریف سے ان کے تایا زاد بھائی اور ہم زلف محمد طارق شفیع کے انتقال پر تعزیت کی۔ بلاول بھٹو زرداری تعزیت کے لئے اپوزیشن لیڈر کے چیمبر میں گئے۔ بلاول بھٹو زرداری نے محمد طارق شفیع کے بلندی درجات کے لئے فاتحہ خوانی کی۔ اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔