• news

آمدن سے زائد اثاثوں الزام‘ پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ نیب طلب 

لاہور (نامہ نگار) نیب لاہور نے آمدن سے زائد اثاثوں کے الزام میں وزیر اعلی پنجاب کے پرنسپل سیکرٹری طاہر خورشید کو طلب کرلیا ہے اور متعلقہ محکموں اور بنکوں سے ان کی جائیداد کی تفصیلات مانگ لی ہیں۔ ذرائع کے مطابق  طاہر خورشید کو 8 جولائی کو طلب کیا گیا ہے۔  نوٹس میں طاہر خورشید سے وراثت میں ملی جائیداد اور اہل خانہ کے نام جائیدادوں کی تفصیلات کے علاوہ منقولہ اور غیر منقولہ جائیدادوں کی خرید و فروخت کا ریکارڈ بھی طلب کیا گیا ہے۔ اہل خانہ سمیت کسی بھی کمپنی میں کی گئی سرمایہ کاری اور شئیرز کے علاوہ تمام بنک اکاؤنٹس کی تفصیلات بھی مانگی گئی ہیں۔ طاہر خورشید کو ہدایت کی گئی ہے کہ سرکاری اداورں میں جمع کرائے گئے گوشواروں کی مصدقہ کاپیاں ہمراہ لائیں اور ایف بی آر کو جمع کرائی گئی انکم ٹیکس ریٹرن اور ویلتھ سٹیٹمنٹ کی کاپی بھی فراہم کی جائے۔ ذرائع کے مطابق طاہر خورشید سے ان کے اثاثوں کی تمام تفصیلات اور ان کے قانونی ہونے کی ثبوت مانگے جائیں گے۔طاہر خورشیدکو نیب کی جانب سے تحقیقات کے لئے 40سوالوں پر مشتمل سوال نامہ پرکرنے کے لئے دیا جائے گا۔ علاوہ ازیں نیب نے طاہر خورشید کے اثاثہ جات کی تفصیلات اکٹھی کرنے کے سلسلہ میں ایل ڈی اے، ایف بی آر، محکمہ ریونیو، محکمہ ایکسائز اور مختلف بنکوں سمیت دیگر اداروں کو خطوط ارسال کردیئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن