• news

حکومت نے ہر خرابی کی ذمہ داری پچھلی حکومتوں پر ڈال دی‘ حالات مزید بدتر‘ سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ بے روزگاری کے سونامی میں نوجوانوں کی ڈگریاں ردی کا ٹکڑا بن گئیں۔ پی ٹی آئی کی حکومت میں بے روزگاری میں دو سو فیصد اضافہ ہوا۔ لاکھوں نوجوان ڈگریاں اٹھائے روزی کی تلاش میں گھوم رہے ہیں۔ حکومت روزگار کے وسائل پیدا کرنے کی بجائے لنگرخانے کھول رہی ہے۔ پرائیویٹ اور پبلک سیکٹرز بحران کا شکار، تاجر، کسان، مزدور سب مستقبل کے بارے میں پریشان ہیں۔ موجودہ حکمران بے روزگاری و مہنگائی کی ذمہ داری پچھلی حکومتوں پر ڈا ل کر خود خواب خرگوش کے مزے لے رہے ہیں۔گڈ گورننس، اداروں کے استحکام اور کرپشن کے خاتمے کے لیے کچھ نہیں کیا گیا۔ تین سالوں میں حالات ماضی سے بھی بدتر ہو گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے بے روزگاری مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نائب امیر جماعت اسلامی میاں محمد اسلم، امیر جماعت اسلامی شمالی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم، امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا،صدر جے آئی یوتھ زبیر احمد گوندل نے بھی مارچ کے شرکا سے خطاب کیا۔ نوجوانوں کی بڑی تعداد نے ڈگریاں اٹھائے مارچ میں شرکت کی۔ شرکا نے کتبے اور بینرز بھی اٹھائے ہوئے تھے جن پر بے روزگاری، مہنگائی کے خلاف نعرے درج تھے۔ انھوں نے حکومت کی پالیسیوں کے خلاف نعرے بازی کی اور روزگارکی فراہمی کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا ملک کو مدینہ کی ریاست میں بدلنے کا اعلان کیا گیا، مگر سودی نظام کی بھرپور پذیرائی ہوئی۔ ملک پر قابض ظالم اشرافیہ سے ضرور جان چھوٹے گی۔ نوجوانوں کو متحد ہو کر اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کرنا ہو گا۔ مہنگائی اور بے روزگاری کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔سراج الحق کی اپیل پر 4 جولائی کو ملک بھر میں مہنگائی،بے روزگار ی،لوڈ شیڈنگ،غربت اور سودی نظام کیخلاف احتجاج کیا جائے گا۔ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں ریلیاں ہون گی،جلوس نکالے جائیں گے اور مظاہرے ہون گے۔سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی ملک محمد اعظم کی اطلاع کے مطابق یوم احتجاج کے سلسلے میں راولپنڈی ضلع کے تمام تحصیل ہیڈ کوارٹرز پر احتجاجی مظاہرے ہونگے۔

ای پیپر-دی نیشن