شہری کو غیرقانونی حراست میں رکھنے کا الزام، ڈی پی او اوکاڑہ ہائیکورٹ طلب
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) لاہور ہائیکورٹ نے حبس بے جا میں رکھے شہری کی بازیابی کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے شہری کو غیر قانونی حراست میں رکھنے پر ڈی پی او اوکاڑہ کو 7 جولائی کو طلب کرلیا۔ عدالت نے بازیاب شہری کو آزاد کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے متعلقہ ایس ایچ او اور سب انسپکٹر محمد منشاء سے تحریری وضاحت طلب کر لی۔ فاضل عدالت نے قرار دیا کہ بیلف رپورٹ کے مطابق اکرم کو تھانے میں رکھا گیا تھا۔ پولیس نے شہری اکرم کی گرفتاری ڈالے بغیر اسے غیر قانونی حراست میں رکھا۔ سب انسپکٹر محمد منشاء شہری کو غیرقانونی حراست میں رکھنے میں ملوث ہے۔ فاضل عدالت نے ایس ایچ او سے استفسار کیا کہ آپ کے تھانے میں کیوں ایسا ہو رہا ہے؟۔ ایس ایچ او نے عدالت کو بتایا کہ وہ ریڈ پر گیا ہوا تھا تو پیچھے سے شہری کو حراست میں لیا گیا۔ فاضل عدالت نے کہا آپ تھانے کی کوئی خبر نہیں رکھتے؟۔ سب انسپکٹر کو بچاتے بچاتے خود نہ اس زد میں آجانا۔ عدالت نے شہری کو آزاد کرتے ہوئے 7 جولائی کو ڈی پی او اوکاڑہ کو طلب کر لیا۔