• news

سستی سبزی بیچنے والے کیخلاف  مقدمہ‘ غفلت ہے غلطی نہیں: ہائیکورٹ

لاہور( اپنے نامہ نگار سے) لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس علی ضیاء باجوہ نے  سستی سبزی فروخت کرنے والے  دکانداروقاص کی درخواست پر  جسٹس علی ضیاء باجوہ نے ڈی سی لاہور کو انکوائری کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے اور  اسسٹنٹ کمشنر رائے ونڈ عدنان رشید سے استفسار کیا کہ یہ کیا تماشا ہے؟ سرکاری وکیل نے کہا کہ سر غلطی سے ایف آئی آر میں رقم متضاد خانوں میں تحریر کی گئی، ایف آئی آر میں ترمیم کی درخواست دی ہے،عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آپ ایف آئی آر میں ترمیم کیسے کروا سکتے ہیں؟ یہ لوگوں کی زندگی اور آزادی کا مسئلہ ہے، رقم متضاد خانوں میں لکھنا غلطی نہیں بلکہ یہ غفلت کا ثبوت ہے،عدالت نے استفسار کیا کہ ایک سبزی والے سے اسسٹنٹ کمشنر کی کیا لڑائی ہو سکتی ہے؟ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ اے سی نے درخواست گزار کے بھائیوں اور امام مسجد کیخلاف بھی مقدمات درج کرا دئیے ہیں،عدالت نے ریمارکس دئیے کہ یہ اسسٹنٹ کمشنر کے ماتحت عملے کا کوئی تنازعہ ہو گا، عدالت نے ہدایت کی کہ اگر اے سی رائیونڈ کا ماتحت عملہ ملوث ہوا تو کارروائی یقینی بنائی جائے، قبل ازیں ایڈیشنل سیشن جج ساحر اسلام نے دکاندار وقاص کی 7 جون تک عبوری ضمانت بھی منظور کی ہے۔ عدالت میں پیشی کے بعد سبزی فروش وقاص نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی سہولت کیلیے سستی سبزی فروخت کرتا ہوں، بھتہ نہ دیا جس پر  اہلکار میرا ساراسامان اٹھا کر لے گئے۔

ای پیپر-دی نیشن