• news

قائمہ کمیٹی صحت کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس، ادویات کی قیمتوں میں کمی لانے کی سفارش 

اسلام آباد(نا مہ نگار)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی صحت کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس،کمیٹی نے عو ام کے مفاد میں ادویات کی قیمتوں میں کمی لانے کی سفارش کر دی۔جمعہ کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی صحت کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس کنوینر کمیٹی نثار احمد چیمہ اجلاس کی صدارت میں ہوا،اجلاس میں ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کے افسران نے شرکت کی،اجلاس میں ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کے نظام کاجائزہ لیا گیا،کمیٹی کے رکن رمیش لال نے کہا کہ ادویہ ساز کمپنیاں را مٹیریل(خام مال ) کے نام پر منی لانڈرنگ کرتی ہیں۔ڈریپ ایک کمپنی کو را مٹیریل ایک ہزار ڈالر فی کلو خریدنے کی اجازت دیتا ہے جبکہ وہی را مٹیریل دوسری کمپنی کو تین سو ڈالر میں منگوانے کی اجازت دے رہا ہے۔رمیش لال نے کہا ہے کہ ڈریپ سے اس کا ریکارڈ مانگا تھا سال بعد بھی اب تک نہیں دیا،اتنے عرصے سے سب کمیٹی کا اجلاس ہورہا ہے مگر اس کا کوئی نتیجہ نہیں نکل رہا۔میں تو ڈریپ کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہوں ،رمیش لال نے مزید کہا کہ سی ای او ڈریپ ہمیں اس کا ریکارڈ دے۔ کنوینر کمیٹی نثار احمد چیمہ نے کہا کہ ادویہ ساز کمپنیوں سے اپیل ہے کہ عوام کے مفاد میں ادویات کی قیمتوں میں کمی لائی جائے۔کمیٹی نے مرحلہ وار بڑے ادویہ ساز کمپنیوں کا دورہ کرنے کا فیصلہ کیا ،کمیٹی ممبران چاروں صوبوں میں مرحلہ وار کمپنیوں کے دورے کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن